پشاور: خیبرپختونخوا میں 21 جولائی کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں پی ٹی آئی کی خاتون رہنما مشال یوسفزئی ٹکٹ کے لیے متحرک ہوگئیں۔
ذرائع کے مطابق مشال یوسفزئی نے سینیٹ ٹکٹ کے حصول کیلئے پارٹی قیادت سے رابطے شروع کردے ہیں، انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے فون پر رابطہ کیا جس میں انہوں نے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
مشال یوسفزئی کا دعویٰ ہے کہ انہیں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت ملی ہے اور اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی سے اہل خانہ کی ملاقات کے دوران انہیں یہ پیغام پہنچایا گیا۔
فون کال پر بیرسٹر گوہر نے مشال کو جواب دیا کہ آپ کاغذات جمع کرائیں، پھر دیکھ لیتے ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مشال یوسفزئی نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں عاطف خان سمیت دیگر شخصیات سے بھی سینیٹ ٹکٹ کے معاملے پر رابطہ کیا ہے تاہم مشال یوسفزئی نے اس حوالے سے کوئی موقف دینے سے گریز کیا ہے۔
دوسری جانب جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے کسی فرد کو براہ راست سینیٹ ٹکٹ دینے کی کوئی ہدایت موصول نہیں ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشال یوسفزئی نے ان سے رابطہ ضرور کیا ہے اور وہ اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں تاہم حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
واضح رہے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات 21 جولائی کو ہو رہے ہیں اور سینیٹ کی 11 نشستوں پر انتخاب ہوگا۔