Daily Roshni News

گلے میں دھاتی چین، خاتون مریضہ کا شوہر ایم آر آئی مشین میں پھنس کر ہلاک

امریکا میں 61 سالہ شخص گلے میں پہنی بھاری میٹل چین کے سبب ایم آئی آر  ( Magnetic Resonance Imaging) مشین میں کھنچے چلے جانے سے جاں بحق ہوگیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے ( بی بی سی ) کی رپورٹ کے مطابق افسوسناک واقعہ نیویارک کے ویسٹ بری میں ناساؤ اوپن ایم آر آئی سینٹر میں پیش آیا جہاں 61 سالہ شخص بغیر اجازت ایم آر آئی روم میں داخل ہوگیا ، اس روم میں ایم آر آئی مشین چل رہی تھی۔

بی بی سی کے مطابق متاثرہ شخص کیتھ کیلسٹر  کی اہلیہ ایڈرین کیلسٹر   نے میڈیا سے گفتگو  کے دوران  بتایا کہ’ میں سینٹر گھٹنے کا ایم آر آئی اسکین کروانےگئی  تھی، اسکین کے بعد میں نے اپنے شوہر  سے مشین سے اٹھنے کیلئے مدد مانگی تھی، جس کیلئے میرے شوہر ایم آر آئی روم  آئے تھے کہ عین اسی وقت ان کی چین کے سبب وہ مشین میں کھنچتے چلے گئے۔

خاتون کا بتانا ہے کہ ایم آر آئی روم میں موجود ٹیکنیشن نے میرے شوہر کو مشین سے دور کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا،  واقعے سے متعلق حکام کا کہنا ہے کہ افسوسناک  واقعے میں متعلقہ شخص کو  شدید چوٹیں آئیں، بعد ازاں ڈاکٹرز نے اس شخص کو مردہ قرار دیدیا۔

ایم آر آئی مشینوں کیلئے  احتیاط

واضح رہے کہ ایم آر آئی مشینیں انسانی جسم کے اندرونی حصوں کی تصاویر بنانے کے لیے ایک مضبوط مقناطیسی کشش استعمال کرتی ہیں۔

 یہی وجہ ہے کہ اسکین کیلئے آنے والے مریضوں کو کوئی بھی دھاتی اشیا نہ پہن کر آنے کی ہدایت کی جاتی ہے، حتیٰ کہ ایم آر آئی اسکین کروانے یا مشین کے قریب جانے سے پہلے مریضوں کو  اپنے کپڑے بدلنے کا بھی کہا جاتا ہے۔

Loading