ہالینڈ، عظیمی ہاؤس دی ہیگ میں خصوصی تقریب کا انعقاد
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی کی گرانقدر خدمات پر
جاوید عظیمی نے حسن کارکردگی ایوارڈ پیش کیا۔۔۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ نمائندہ خصوصی۔۔۔ عکاسی ۔۔۔چاند ملک) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق حسین بگٹی آجکل یورپی ممالک کے دورے پر ہیں ، اس دورے کے میزبان اول معروف سماجی شخصیت ، اردو اخبار ڈیلی روشنی نیوز انٹر نیشنل کے (ایم ڈی ) اور پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹردی ہیگ کی انتظامی امور کمیٹی کے عہدیدار میاں عاصم محمود ہیں۔ گزشتہ دنوں بروز اتوار 12 اکتو بر2025روشنی نیوز کے مدیر اعلیٰ اور مراقبہ ہال ہالینڈ کے نگران محمد جاوید عظیمی نے معزز مہمان طارق بگٹی کے اعزاز میں عظیمی ہاؤس دی ہیگ میں خصوصی تقریب کا انتظام و انصرام کیا ۔ اس تقریب کا آغاز چوہدری اکرام الحق نے تلاوت قرآن سے کرنے کی سعادت حاصل کی۔متذکرہ تقریب میں فرینڈز آف روشنی فورم ٹیم کے معزز ساتھیوں، چوہدری الیاس ، میاں عمران، جاوید بٹ پیارا چوہدری اکرام الحق، میاں آفتاب، چاند ملک ، چوہدری اقبال (قاضیاں ) چوہدری بنارس علی اور محمد کامران خان نے بھر پور شرکت کرتے ہوئے طارق بگٹی کی پاکستان ہاکی کے سلسلے میں ان کی خدمات کو بے حد سراہا جبکہ مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔ میزبان اول میاں عاصم محمود نے کہا طارق بگٹی ہفتہ بھر سے میرے ہمراہ رہائش پذیرہیں ، ان کی شخصیت سے میں بے حد متاثر ہوا ہوں۔ وطن عزیز پاکستان کے لئے بھی ان کی خدمات نمایاں ہیں۔جاوید عظیمی نے اپنی رہائش گاہ عظیمی ہاؤس دی ہیگ آمد پر تمام معزز ساتھیوں اور بلخصوص مہمان خاص طارق بگٹی کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کا صمیم قلب سے شکریہ بھی ادا کیا ۔ جاوید عظیمی نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ ” میں مختلف تقریبات میں اکثر یہ بات ضرور کرتا ہوں ہم پاکستانی اگربیرون ممالک میں100سو سال بھی رہیں مگر ہماری پہچان وطن عزیز پاکستان ہی ہے یہ شناخت کبھی بھی ختم نہیں ہو سکتی۔ بیرون ملک اگر کوئی ہم سے پوچھتا ہے کہ آپ کہاں سے ہو تو ہمارا جواب پاکستان ہوتا ہے۔
جاوید عظیمی نے مزید کہا پاکستان سے ہمارا رشتہ قلبی اور روحانی ہے۔ اس رشتے کو کوئی بھی ختم نہیں کر سکتا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن طارق بگٹی نے فرینڈ آف روشنی فورم ٹیم کے تمام اراکین اور جاوید عظیمی کا اپنی رہائش گاہ عظیمی ہاؤس میں مدعو کرنے پر صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا ۔اپنی گفتگو کے دوران پاکستان ہا کی کی شاندار کارکردگی اور اپنی خدمات کے سلسلے میں تفصیلی روشنی ڈالی ، انھوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی مالی مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت اپنی نیشنل ٹیم کے لئے اربوں روپے جبکہ پاکستان ہاکی کی ٹیم کے لئے 35 لاکھ روپےسالانہ دیئے جاتے ہیں ، مذکورہ رقم دو سال سے نہیں ملی – مالی مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود ہماری ہاکی ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ طارق بگٹی نے ہاکی ٹیم کی بہتر کارکرگی پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے فتح و کامیابی کے اعداد و شمار بھی بیان کئے ۔ انھوں نے اپنی گفتگو کے دوران ہالینڈ کے شہردی ہیگ کے رہائشی پاکستانیوں کے جذبہ حب الوطنی اور اتحاد و اتفاق کو خراج تحسین پیش کیا۔ خصوصی تقریب کے اختتام کے قریب جاوید عظیمی نے طارق بگٹی کی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے لئے گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے مراقبہ ہال ہا لینڈ کی جانب سے حسن کارکردگی کا ایوارڈ پیش کیا ۔
بعد ازاں جاوید عظیمی نے اجتماعی دعا میں عالم اسلام اور بالخصوص پاکستان کی سلامتی ، بقا ، خوشحالی اور کامیابیوں کے لئے بارگاہ الہی میں خصوصی مناجات پیش کیں ۔