Daily Roshni News

ہالینڈ، فیضان مدینہ روٹرڈیم کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

ہالینڈ، فیضان مدینہ روٹرڈیم کی افتتاحی تقریب کا انعقاد
مولانا عبدالحبیب عطاری کا خصوصی خطاب، مالی عطیات کی اپیل
ہالینڈ کے مختلف شہروں اور بلجیم سے بھی قافلوں کی شرکت۔۔۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔رپورٹ۔۔۔جاوید عظیمی۔۔۔عکاسی۔۔۔میاں عمران اور بنارس علی)دعوت اسلامی ہالینڈ کے زیر انتظام و انصرام نئے مرکز فیضان مدینہ روٹرڈیم کے افتتاح کی تقریب منعقد کی گئی، تقریب کا باقاعدہ آغاز آخری آفاقی مقدس کتاب قرآن مجید کی تلاوت سے کیا گیا۔ مقامی نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں نعتوں کی صورت میں محبتوں اور عقیدتوں کے پھول نچھاور کئے۔ دعوت اسلامی پاکستان مرکز کے اہم عہدیدار مولانا عبدالحبیب عطاری جو مذکورہ تقریب میں شرکت کے لئے پاکستان سے ہالینڈ تشریف لائے ہیں۔

اپنے خصوصی خطاب سے قبل آپ نے فرمائش پر پنجابی نعتیہ کلام اپنی سحر انگیز آواز میں پیش کیا۔ مولانا عبدالحبیب عطاری نے خطاب کے دوران اللہ تعالیٰ کی راہ میں مال خرچ کرنے پر اس کی اہمیت فضیلت اور افادیت پر قرآن و حدیث کی روشنی میں شرکائے تقریب کو آگاہی فراہم کرتے ہوئے کہا کہ رسول محتشمﷺ کے زمانے میں آپﷺ کے عشاق نے مشکل وقت میں انتہائی کشادہ دلی سے عطیات نذر کئے۔ اس ضمن میں حضرت عثمان غنیؓ کا اہم واقعہ بیان کیا یہ واقعہ اس وقت رونما ہوا جب مدینہ میں غذا کا قحط پڑا تو حضرت عثمان غنی ؓ نے تاجر ہونے کے باوجود اس صورتحال سے فائدہ نہ اٹھایا بلکہ سامان سے لدے ہوئے ایک سو اونٹ فی سبیل اللہ ضرورت مندوں میں تقسیم کروا دیئے۔ مولانا عبدالحبیب عطاری نے مزید کہا کہ نبی رحمتﷺ نے دنیا ہی میں جن حضرات کو جنت کی بشارت دی ہے ان میں حضرت عثمان غنی ؓ کا نام بھی شامل ہے۔ اللہ تعالیٰ کے رسول ﷺ نے اپنی دو بیٹیاں حضرت عثمان غنی ؓ کے عقد میں دئیں اس لئے آپ کو ذولنورین کے لقب سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ اپنے خطاب کے دوران مولانا عبدالحبیب عطاری نے حضرت عمرؓ اور حضرت ابو بکر صدیقؓ کے درمیان اللہ تعالیٰ کی راہ میں مال خرچ کرنے کے لئے بازی لے جانے والے واقعہ کو بیان کیا جس میں حسب معمول حضرت ابو بکرصدیقؓ نے رسول محتشم ﷺ کی بارگاہ میں حضرت عمر ؓسے زیادہ مال عطیہ کیا نیز جس انداز سے پیش کیا

وہ ادا اللہ تعالیٰ کو اتنی پسند آئی کہ بذریعہ جبریل اپنی جانب سے سلام بھیجا اس ایمان افروز واقعہ کو بیان کرنے کا مقصد یہ تھا کہ اللہ تعالیٰ کی راہ میں خلوص نیت سے دیئے جانے والے مال اور مال دینے والے کی اللہ تعالیٰ کتنی پزیرائی کرتے ہیں۔ ان واقعات کی روشنی میں مولانا عبدالحبیب عطاری نے شرکائے تقریب اور آن لائن سننے اور دیکھنے والے خواتین و حضرات سے دعوت اسلامی ہالینڈ کے نئے مرکز فیضان مدینہ روٹرڈیم پر بقیا واجب الادا رقم اڑھائی لاکھ یورو ادا کرنے کے لئے مالی عطیات کے تعاون کی پرزور اپیل کی۔ دعوت اسلامی ہالینڈ کے نگران کابینہ محمد سرفرازعطاری نے ولندیزی (ڈچ) زبان میں مذکورہ مرکز سے متعلق متوقع سر گرمیوں پر روشنی ڈالی ۔ پروگرام کے دوران بانی تحریک دعوت اسلامی پاکستان مولانا الیاس عطاری قادری کا ریکارڈ شدہ پیغام بھی بڑی اسکرین پر ڈسپلے کیا گیا۔ درود و سلام کے بعد اجتماعی دعا میں مولانا عبدالحبیب عطاری نے متذکرہ مرکز کی آبادی کاری، ترقی، کامیابی اور فلسطینی بہنوں، بھائیوں کے لئے بارگاہ الہی میں خصوصی مناجات پیش کیں۔


افتتاحی تقریب کے اختتام پر شرکاء کو پیکٹ میں لنگر تقسیم کیاگیا۔یادرہے اس پروگرام میں شرکت کے لئے ڈیلی روشنی نیوز کے مینجنگ ڈائریکٹر میاں عاصم محمود ڈیلی روشنی نیوز کے چیف ایڈیٹر محمد جاوید عظیمی ، نمائندہ خاص دی ہیگ میاں عمران ، سماجی شخصیات چوہدری اکرام الحق ، چوہدری محمداقبال قاضیاں اور خالد سلطان خان کے ہمراہ افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔
ڈیلی روشنی کی ٹیم نے مذکورہ پروگرام کی محنت شاقہ سے کوریج کرنے میں اپنی خدمات سر انجام دئیں۔

Loading