Daily Roshni News

ہماری اصل میراث۔۔۔ تحریر۔۔۔مقیتہ وسیم

ہماری اصل میراث

تحریر۔۔۔مقیتہ وسیم

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیو زانٹرنیشنل ۔۔۔ ہماری اصل میراث۔۔۔ تحریر۔۔۔مقیتہ وسیم )ہمارے پاس محض تاریخ نہیں…ہمارے پاس راستے ہیں۔

ہمارے پاس غارِ حرا ہے…..

جہاں ایک انسان نے تنہائی کو اختیار کیا تو انسانیت کو شعور ملا۔

وہ غار ہمیں سکھاتی ہے کہ علم شور میں نہیں اترتا،

وہ دل پر اترتا ہے جو سوال کرنے کی ہمت رکھتا ہو۔

وہ ہمیں طالبِ علم بناتی ہے…..

پہلا لفظ “اقرأ” آج بھی ہمارے ضمیر پر دستک دیتا ہے:

پڑھو… سمجھو… جاگو۔

ہمارے پاس دارِ ارقم ہے……

ایک چھوٹا سا گھر، مگر ایک عظیم تحریک کی بنیاد۔

وہ ہمیں بتاتا ہے کہ دعوت ہجوم سے نہیں، اخلاص سے شروع ہوتی ہے۔

وہاں چراغ کم تھے، مگر روشنی پوری دنیا میں پھیل گئی۔

وہ ہمیں سکھاتا ہے کہ سچائی کے بیج خاموشی سے بوئے جاتے ہیں اور صبر کے موسم میں پھل دیتے ہیں۔

ہمارے پاس غارِ ثور ہے…..

جہاں خوف کے لمحے کو توکل نے شکست دی۔

جب دشمن دروازے پر تھے تو یقین نے کہا:

“غم نہ کرو، اللہ ہمارے ساتھ ہے۔”

وہ غار ہمیں ہجرت کا مفہوم سمجھاتی ہے….. کبھی جگہ چھوڑنی پڑتی ہے تاکہ نظریہ محفوظ رہے۔

ہمارے پاس عقبہ کی گھاٹیاں ہیں…. جہاں ہاتھوں میں ہاتھ دے کر وفا کے عہد کیے گئے۔

وہاں نصرت تلواروں سے نہیں، اخلاص سے نازل ہوئی۔

وہ ہمیں سکھاتی ہیں کہ تحریکیں معاہدوں سے نہیں، عہدِ دل سے زندہ رہتی ہیں۔

ہمارے پاس بدر کا میدان ہے…..

جہاں تعداد کم تھی مگر یقین مکمل۔

جہاں وسائل محدود تھے مگر آسمان کی مدد وسیع۔

وہ میدان اعلان کرتا ہے کہ فتح طاقت کا نتیجہ نہیں، ایمان کی گہرائی کا ثمر ہے۔

ہمارے پاس صفّہ کا چبوترہ ہے……

جہاں فقر نے وقار اوڑھا، جہاں علم نے سادگی میں جنم لیا۔

وہ ہمیں بتاتا ہے کہ دولت جمع کرنے سے نہیں، دل کو خالی کرنے سے روشنی اترتی ہے۔

ہمارے پاس احد کا پہاڑ ہے… جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ایک لمحے کی لغزش. کتنی بڑی قیمت لے سکتی ہے۔

وہ پہاڑ وفا کا امتحان ہے اور اطاعت کی اہمیت کا استعارہ۔

ہمارے پاس حدیبیہ کا درخت ہے جو بظاہر صلح تھی مگر درحقیقت فتح کا دروازہ۔

وہ ہمیں سکھاتا ہے کہ حکمت کبھی کبھی جذبات سے بڑی ہوتی ہے اور وقتی خاموشی دائمی کامیابی کی بنیاد بن سکتی ہے۔

ہم خالی ہاتھ نہیں ہیں۔ ہم مفلس نہیں ہیں۔

ہماری جھولی میں یہ تمام نشانیاں ہیں…..

علم، دعوت، ہجرت، وفا، نصرت، قناعت، ثابت قدمی اور حکمت۔

ہم مالا مال لوگ ہیں…

ایمان کی دولت سے،

صبر کی روشنی سے،

یقین کے چراغوں سے۔

اگر ہم ان مقامات کو صرف تاریخ نہ سمجھیں بلکہ اپنی زندگی کا آئینہ بنا لیں تو ہر دل میں ایک حرا ہو سکتا ہے،

ہر گھر ایک دارِ ارقم،

ہر آزمائش ایک ثور،

ہر صلح ایک حدیبیہ۔

الحمدللہ… ثم الحمدللہ۔

ہم وہ خوش نصیب ہیں جن کے پاس یہ روشن نشانیاں ہیں۔ ہم ایمان والے لوگ ہیں۔

#مقیتہ وسیم

#ہماری_میراث

#ایمان_کی_دولت

#سیرت_کے_نشان

#تفکر

#یقین

#صبر

#مقیتہ_وسیم

Loading