*یومِ عاشور استنبول میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا
زینبیہ مسجد و امام بارگاہ میں ہزاروں عزاداروں کی شرکت، عالم اسلام کے اتحاد کا مظاہرہ*
استنبول، ترکیے(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نامہ نگار خصوصی۔۔۔ سید رضوان حیدر بخاری) دنیا بھر کی طرح استنبول، ترکیہ میں بھی نواسہ رسول (ص )حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھیوں کی لازوال قربانی کی یاد میں یومِ عاشور کے موقع پر استنبول کے قدیم علاقے ہلکالے میں واقع معروف زینبیہ مسجد و امام بارگاہ میں عظیم الشان عزاداری کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ترکیہ سمیت ایران، پاکستان، آذربائیجان، عراق، لبنان اور یورپی ممالک سے آئے ہوئے زائرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
جلوسِ عزا کا آغاز صبح سویرے زینبیہ مسجد و امام بارگاہ سے ہوا، جس میں ہزاروں عزاداروں نے سیاہ لباس زیب تن کر کے سینہ زنی، نوحہ خوانی اور ماتم کیا۔ جلوس کے دوران “لبیک یا حسینؑ” اور “یا عباسؑ” کی صدائیں فضا میں گونجتی رہیں۔
مجالس میں علماء کرام نے اس بات پر زور دیا کہ امتِ مسلمہ کو امام حسینؑ کے پیغام پر عمل کرتے ہوئے آپس میں اتحاد، رواداری اور عدل و انصاف کو فروغ دینا چاہیے، اور حق، سچ، انصاف اور اسلام کے لئیے، اللہ تعالٰی کی راہ میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔
جلوسوں کے لئیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ترک پولیس، آرمی اور رضا کار نوجوانوں کی بڑی تعداد نے جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی کی ذمہ داریاں نبھائیں ۔ داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹر اور جامہ تلاشی کا نظام قائم کیا گیا تھا۔ ہلکالے کے علاقے کو رکاوٹیں لگا کر مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا۔
مختلف ممالک کے ماتمی دستوں نے مقررہ راستوں پر چلتے ہوئے نوحہ خوانی، ماتم داری اور سینہ کوبی کر کے مظلوم کربلا حضرت امام حسین علیہ السلام، ان کے اہل بیت اور اصحاب کو پرسہ دیا۔
جلوسوں کے شرکاء اور عزاداران حسین علیہ السلام کے لئیے لنگر و نیاز کا بھی وافر انتظام کیا گیا تھا اور ٹھنڈے پانی اور مشروبات کی سبیلیں بھی لگائی گئی تھیں
زینبیہ مسجد و امام بارگاہ کا عاشورہ کا اجتماع نہ صرف مذہبی جذبے کا مظہر تھا بلکہ اس نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ امام حسینؑ کا غم اور پیغام سرحدوں کا محتاج نہیں بلکہ عالمگیر ہے۔