یوم آزادی پاکستان کی رنگارنگ شاندارتقریب آسٹریا
میں سفارتخانہ پاکستان کے زیر انتظام و انصرام منعقد کی گئی۔
محمد جاوید عظیمی کی محمد آفتاب سیفی کے ہمراہ شرکت
محترم سفیر آفتاب احمد کھوکھر نےپرتپاک استقبال کیا،
گلو کار ابرار الحق کی پرفارمنس ،پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نمائندہ خصوصی)معروف آن لائن اردو اخبار ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل کے مدیر اعلیٰ،سلسلہ عظیمیہ کے نیٹ ورک مراقبہ ہال ہالینڈ کے نگران محمد جاوید عظیمی نے مراقبہ ہال آسٹریا کے کو آرڈینیٹر محمد آفتاب سیفی عظیمی کی خصوصی دعوت پر اٹھارہ اگست سے اٹھائیس اگست2023تک اپنی اہلیہ کے ہمراہ آسٹریا کا دورہ کیا۔
مذکورہ دورے کے دوران متعدد تقریبات میں شرکت کی اور انتہائی مصروف دن گزارے۔بروز اتوار ستائیس اگست2023کو آسٹریا میں سفارتخانہ پاکستان کے زیر اہتمام سفیر محترم آفتاب احمد کھوکھر صاحب کی سربراہی میں یوم آزادی اور یوم دفاع پاکستان کی مشترکہ تقریب کا رنگارنگ شاندار انعقاد کیا گیا۔ جس میں پاکستانی کمیونٹی کے خواتین و حضرات نے فیملیز کے ساتھ کثیر تعداد میں ذوق وشوق سے شرکت کرکے تقریب کی رونق کو دوبالا کیا۔ آسٹریا بھر میں موجود پاکستانی تنظیمات کے عہدیداران اور رہنماؤں نے بھی بھرپور شرکت کرکے وطن عزیز پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
جاوید عظیمی محمد آفتاب سیفی عظیمی کے ہمراہ جب تقریب میں پہنچے تو سفیر پاکستان محترم آفتاب احمد کھوکھر نے پر تپاک استقبال کرتے ہوئے شرکت کرنے پر صمیم قلب سے شکریہ بھی ادا کیا۔ اس رنگارنگ میگا تقریب میں جاوید عظیمی اور محمد آفتاب سیفی عظیمی اپنی فیملیز کے ہمراہ شریک ہو کر تقریب سے خوب محظوظ ہوئے ۔ پاکستان سے خصوصی طور پر تشریف لائے ہوئے معروف گلوکار ابرالحق نے اپنے یادگار گانے گا کر شرکائے تقریب سے خوب دادا وصول کی جبکہ اپنی تنظیم کے لئے شرکاء سے چندہ بھی اکٹھا کیا۔
تقریب کے دوران سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے مختلف تنظیمات کے رہنماؤں کی کمیونٹی اور پاکستان کے لئے گرانقدر خدمات کے صلے میں تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر لذت کام ودہن کے سلسلے میں سفارتخانہ پاکستان ویانا کی جانب سے شرکاء کی تواضع انواع اقسام کے پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔ متذکرہ تقریب میں شریک تمام پاکستانی خواتین و حضرات کے چہروں پر خوشی کے آثار نمایاں طور پر دکھائی دے رہے تھے اور لوگ وطن عزیز پاکستان کی سلامتی ، خوشحالی، ترقی اور کامیابیوں کے لئے دعاگو بھی نظر آئے۔
اللہ تعالیٰ ہمارے وطن عزیز پاکستان کو تاقیامت سلام سلامت و شادو آباد رکھے۔آمین ثمہ آمین۔
پاکستان زندہ باد