ہالینڈ، یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے خصوصی سیمینار
سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ کے زیر اہتمام منعقد ہوا ،
سفیر پاکستان سید حیدر شاہ کا علمی، فکری موثر خطاب۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ رپورٹ۔۔۔ جاوید عظیمی )پاکستان سمیت دنیا بھر میں سمندر پار پاکستانی اور کشمیری مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بہنوں ، بھائیوں سے اظہار یکجتی کرنے کے لئے یوم استحصال کشمیر کے نام سےہر سال باقاعدگی سے تقریبات منعقد کرتے ہیں۔ گزشتہ دنوں بروز منگل 5 اگست2025 کو سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ کے زیر اہتمام خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ سیمینار کے آغاز میں شرکاء نے کھڑے ہو کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کر کے کشمیری بہنوں ، بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔دوران سیمینار بذریعہ دستاویزی فلم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور حقوق کی پامالی کو اُجاگر کیا گیا۔سفیر پاکستان محترم سید حیدر شاہ نے بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 اور 35 اے کے خاتمے کے بعد رونما ہونے والے واقعات میں نہتے کشمیریوں کے حقوق کی پامالی اور ان کی کسمپرسی پر انتہائی موثر انداز میں روشنی ڈالی ۔سفیر پاکستان نے اپنے خطاب کے دوران ایک موقعہ پر کہا کہ کسی انسان کی حرکات و سکنات پر پابندی عائد کرنا انسانی حقوق کی پامالی ہے جبکہ مقبوضہ کشمیرمیں یہ حقوق عرصہ دراز سے پامال ہو رہے ہیں سفیرپاکستان نے اقوام متحدہ میں موجود مسئلہ کشمیر کی قرار دادوں پر تفصیلی گفتگو فرمائی ۔ سفیر پاکستان نے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلے کشمیر کے مستقل حل پر زور دیا، خطاب کے اختتام پر قلبی دعائیہ کلمات بھی ادا کئے۔ قبل ازیں کمرشل سیکرٹری محمد شفیق ورک نے صدر پاکستان اور فرسٹ سیکرٹری محمد جنید نے وزیر اعظم کے پیغامات پڑھے۔سید اعجاز حسین سیفی نے مقبوضہ کشمیر کے نہتے بہنوں بھائیوں پر بھارت کی جانب سے ہونے والے مظالم اور بربریت کو بیان کرنے کے لئے معروف شعراء کے اشعار کا سہارا بھی لیا۔ متذکرہ سیمینار سے خاقان احمد نے مختصر اظہار خیال کیا۔ اس سیمینار کی نظامت کے فرائض ڈپٹی ہیڈ آف مشن جمال ناصر نے انگریزی اور اردو زبانوں میں بخوبی سر انجام دیئے اور تمام شرکا کے سمینار کا شرکت کرنے پر صمیم قلب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے حق میں دعائیہ کلمات بھی ادا کئے۔ یاد رہے اس سالانہ سیمینار میں مختلف مکاتب فکر سے وابستہ خواتین و حضرات شریک ہوئےجبکہ آن لائن اردو اخبار ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل کی ٹیم نے بھی شرکت کرکے کشمیری بہنوں بھائیوں سے یکجہتی کا بھر پور اظہار کیا۔