Daily Roshni News

یونان میں عید الفطر کا تہوار انتہائی جوش و خروش اور مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔

یونان میں عید الفطر کا تہوار انتہائی جوش و خروش اور مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔

یونان (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔انصر اقبال بسراء ) یورپ کے دیگر ممالک کی طرح یونان میں بھی مسلمانوں نے اجتماعی نماز عید ادا کر کے اس خوشی کے موقع کو مقدس انداز میں منایا۔  یونان بھر میں سینکڑوں مقامات پر نماز عید الفطر کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے، جہاں فرزندانِ اسلام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ منہاج القران انٹرنیشنل یونان کی طرف سے یونان بھر 15 مقامات پر نماز عید الفطر کے اجتماعات کیے گئے ،مرکزی اجتماع ماکریانی فُٹ بال اسٹڈیم میں کیا گیا،پمسلمانوں نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نماز ادا کی اور ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی مبارکباد دی۔

مقررین نے نماز عید کے اجتماعات سے  خطاب کرتے ہوئے عید الفطر کی فضیلت اور اس کے پیغام پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ عید کا یہ مقدس دن صرف خوشیوں اور کھانے پینے کا دن نہیں، بلکہ اس موقع پر ہمیں غربا، مساکین اور یتیموں کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ رمضان المبارک میں کی گئی عبادات اور نیکیوں کو عید کے بعد بھی جاری رکھنا چاہیے۔

مقررین نے مزید  کہا کہ عید کی خوشیاں تب ہی مکمل ہوتی ہیں جب ہم اپنے معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند افراد کی مدد کریں۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ صدقہ فطر ادا کریں اور غریب خاندانوں کی ضروریات پوری کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

نماز عید کے بعد مسلمانوں نے ملک پاکستان اور امت مسلمہ کی سلامتی اور ترقی کے لیے اجتماعی دعا بھی کی۔ یونان میں مقیم مختلف مسلم کمیونٹیز کے درمیان بھائی چارے اور ہم آہنگی کا مظاہرہ بھی دیکھنے میں آیا۔

یونان میں عید الفطر کے موقع پر منعقد ہونے والے یہ اجتماعات نہ صرف مذہبی روایات کی پاسداری کی عکاسی کرتے ہیں، بلکہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد و محبت کے جذبے کو بھی ظاہر کرتے ہیں۔

Loading