Daily Roshni News

یہ فریج و ڈیپ فریزر کا دور ہے۔۔

یہ فریج و ڈیپ فریزر کا دور ہے۔۔

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )یہ فریج و ڈیپ فریزر کا دور ہے. اکثر بڑی فیملیز جب چند دن کیلئے باہر جاتی ہیں تو کھانے پکا کر فریزر میں رکھ جاتی ہیں. تاکہ واپسی میں فوراً کھانے کا جنجال نہ ہو. لیکن باوجود اس کے کہ کھانا مکمل فریز ہوتا ہے یہ کھانا کھا کر سب کے پیٹ خراب ہو جاتے ہیں.

اکثر یہ ہوتا ہے کہ بجلی کا طویل بریک ڈاؤن ہو جاتا ہے. فیملی گھر پر ہوتی نہیں ان کو پتہ نہیں ہوتا کہ کھانا ایک بار ٹمپریچر کھو چکا ہے. بجلی آنے کے بعد دوبارہ فریز ہوگیا. یہ انجانے میں کھا لیتے ہیں. اسکا ایک حل ہوتا ہے. آپ فریزر میں ایک پیالہ پانی سے بھر کر رکھ دیں. جب یہ برف ہو جائے تو اس کے اوپر ایک سکہ رکھ دیں. اب آپ اسے چھوڑ دیں.

جب دوبارہ فریج کھولیں تو پہلے اس سکے کو دیکھ لیا کریں. یہ برف کے اوپر ہے یا نیچے درمیان چلا گیا ہے. اگر یہ نیچے چلا گیا ہو تو اسکا مطلب ہوتا ہے درمیان میں فریزر نے کولنگ چھوڑ دی تھی. یہ سکہ بس ہمیں پھر ہماری غیر موجودگی میں بجلی کی کارکردگی بتاتا ہے.

کافی پہلے ایک مالی بابا نے مجھے بتایا تھا کہ ایک جنگل اور باغ میں سارا فرق توجہ اور ترتیب کا ہوتا ہے. جنگل پر کسی کی توجہ نہیں ہوتی تو وہ بے ترتیب ہوتا ہے. باغ پر کسی کی توجہ رہتی ہے تو یہ ترتیب سے ہوتا ہے.  فریزر کے برف خانے پر بھلے آپ کی توجہ نہ ہو تب بھی آپ کے پاس بہت سے ٹوٹکے ہوتے ہیں. لیکن رشتوں میں وقت کے ساتھ جو دوریاں آتی ہیں اور رشتے جب خراب ہوتے ہیں تو اس کیلئے کوئی ٹوٹکہ نہیں ہوتا. یہ ہماری توجہ اور ترتیب مانگتے ہیں.

لیکن پتہ نہیں کیوں ہم ایک دوسرے کو الزام دیتے ہیں. کوئی گذرے وقت میں اپنی ترتیب کا حساب نہیں رکھتا اس لئے ہمارا معاشرہ آج جنگل بن گیا ہے. جنگل میں رشتوں کا بس ایک ہی دستور ہے یہاں کمزوری جرم سمجھی جاتی ہے.

Loading