Daily Roshni News

📜حضرت  آدم عليہ السلام  سے متعلق معلومات📜

📜حضرت  آدم عليہ السلام  سے متعلق معلومات📜

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )🔹سوال:  جنات پیدائش حضرت آدم عليہ السلام سے کتنے سال پہلے دنیا میں آباد تھے؟ جواب:  پیدائش آدم عليہ السلام  سے دوہزار سال پہلے دنيا میں جنات آباد تھے۔ جب انہوں نے ناحق قتل وغارت کرنی شروع کی تو اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کا ایک لشکر بھیجا جنہوں نے جنات کو تہ بالا کرکے پہاڑوں میں پھینک دیا۔( البدایہ والنہایہ، جلد: ۱، صفحہ: ۷۲)

🔹سوال:  خداوند کریم نے حضرت  آدم عليہ السلام  کو جن چار چیزوں کا شرف بخشا وہ کون کونسی ہیں؟

جواب:  وہ چار چیزیں یہ ہیں۔

(۱) خداوند تعالیٰ نے حضرت  آدم عليہ السلام  کو اپنے ہاتھ سے پیدا فرمایا۔

(۲) حضرت  آدم عليہ السلام  میں اپنی روح پھونکی۔

(۳) ملائکہ کو حکم فرمایا کہ آدم( عليہ السلام) کو سجدہ کرو۔

(۴) حضرت  آدم( عليہ السلام) کو جملہ اشیاء کے ناموں کی تفصیل سے مطلع فرمایا۔

( البدایہ والنہایہ، صفحہ: ۷۲، جلد: ۱)

🔹سوال:  جب اللہ تعالیٰ نے حضرت  آدم عليہ السلام  کا مٹی کا پتلہ بنادیا تو یہ پتلہ خاک کتنے سال تک رہا یعنی اس پتلہ آدم (عليہ السلام) میں کتنے سال بعد روح ڈالی گئی؟

جواب:  چالیس سال تک یہ پتلہ جسد خاکی رہا۔ ملائکہ جب اس پتلہ کے پاس سے گزرتے تھے تو گھبراتے تھے اور ان میں سب سے زیادہ ابلیس گھبراتا تھا۔ (چونکہ یہ پتلہ خاک اندر سے کھوکھلا تھا اور یہ اتنا سوکھ گیا تھا کہ جب اس میں چٹکی مارتے تو خوب گونج دار آواز پیدا ہوتی تھی۔)

🔹سوال:  خداوند عزوجل نے حضرت آدم عليہ السلام  کے پتلہ میں جب روح پھونکی اس وقت پتلہ کی کیفیت کیا تھی؟

جواب:  جب اللہ نے حضرت  آدم عليہ السلام  میں روح پھونکنے کا ارادہ فرمايا ملائکہ کو حکم دیا کہ جب میں اس میں روح ڈال دوں تم اس کو سجدہ کرنا چنانچہ جب روح ڈالنی شروع کی اور روح سر میں پہنچی تو حضرت  آدم عليہ السلام  کو چھینک آئی۔ ملائکہ نے کہا اے آدم (عليہ السلام) کہئے الحمدللہ حضرت  آدم عليہ السلام  نے الحمدللہ کہا حضرت  آدم عليہ السلام  کے جواب میں اللہ نے کہا یرحمک ربک جب روح آنکھوں میں پہنچی تو نظر جنت کے پھلوں پر پڑی پھر جب روح پیٹ میں پہنچی تو کھانے کی تمنا ہوئی جب روح پیروں میں پہنچی جنت کے پھلوں کی طرف بڑھے۔

( البدایہ والنہایہ، صفحہ: ۸۶، جلد: ۱)

🔹سوال:  اللہ تعالیٰ نے جب حضرت  آدم عليہ السلام  کو پیدا فرمادیا تو کس کے پاس بھیجا تھا؟

جواب:  خداوند کریم نے حضرت  آدم عليہ السلام  کو ملائکہ کی ایک جماعت کے پاس بھیجا حضرت  آدم عليہ السلام  نے جاکر ان کو سلام کیا السلام علیکم فرشتوں نے جواب دیا وعلیکم السلام، اللہ پاک نے فرمایا یہی تیری اولاد کا سلام ہے۔

( البدایہ والنہایہ، صفحہ: ۸۷، جلد: ۱)

🔹سوال:  جس وقت حضرت  آدم علیہ السلام و حضرت  حوا علیہما السلام جنت سے نکالے گئے تو تاج شرافت کس نے اتارا تھا؟

جواب:  حضرت  جبریل عليہ السلام  نے آپ عليہ السلام  کے سر مبارک سے تاج کرامت اتارا تھا۔

( البدایہ والنہایہ، صفحہ: ۱)

🔹سوال:  حضرت  آدم عليہ السلام  نے جس درخت کا پھل کھایا تھا یہ کونسا درخت تھا؟

جواب:  اس درخت کے متعلق مفسرین کے چند اقوال ہیں۔

(۱) بعض نےکہا انگور کا درخت تھا۔

(۲) گندم (گیہوں) کا درخت تھا۔

(۳) بعض نےکہا ہے کھجور کا درخت تھا۔

( البدایہ والنہایہ، صفحہ: ۷۱ ، جلد: ۱)

🔹سوال:  جنت میں حضرت  آدم عليہ السلام  کے ستر پر کونسا لباس تھا؟

جواب:  حضرت  وہب بن منبہ فرماتے ہیں کہ حضرت  آدم و حوا علیہما السلام کے ستر پر نور کا لباس پڑا ہوا تھا۔

( البدایہ والنہایہ، صفحہ: ۸۰، جلد: ۱)

🔹سوال:  حضرت  آدم عليہ السلام  جنت سے کس حال میں اترے؟

جواب:  سعید بن میسرہ حضرت  انس رضی اللہ عنہ  سے روایت کرتے ہیں کہ آنحضرتﷺ  نے فرمایا آدم و حوا( علیہما السلام )دونوں جنت سے بالکل ننگے اترے تھے۔ زمین پر اترکر جب حضرت  آدم عليہ السلام  کو گرمی لگی تو رونے بیٹھ گئے اور حضرت  حواء سے کہنے لگے۔ اے حوا ‌ؑ مجھ کو گرمی ستا رہی ہے۔ اس کے بعد حضرت  جبرئیل ( عليہ السلام  ) تشریف لائے اور حضرت  آدم عليہ السلام  کو فرمایا یہ روئی ہے اس کو اس طرح کاتو اور بنو حضرت  آدم و حوا( علیہم السلام  )حضرت  جبرئیل ( عليہ السلام ) نے کاتنا اور بننا سکھلایا۔ مگر اس حدیث کو محدثین نے غریب و موضوعات میں شمار کیا ہے اور راوی سعید بن میسرہ منکر حدیث ہیں۔

( البدایہ والنہایہ، صفحہ: ۸۰ )

🔹سوال:  حضرت  آدم و حوا( علیہما السلام )نے دنیا میں آنے کےبعد سب سے پہلے کس چیز کا لباس بناکر پہنا؟

جواب:  حضرت  آدم عليہ السلام  نے بھیڑ کے بالوں کو کاتا اور ان کو بن کر اپنے لیے جبہ اور حضرت  حوا( علیہا السلام )کےلیے درع یعنی لفافہ مثل عربی قمیص کے اور ایک اوڑھنی تیار کی۔

( البدایہ والنہایہ، صفحہ: ۹۲۱ )

🔹سوال:  وہ الفاظ جن کو کہہ کر حضرت  آدم عليہ السلام  نے توبہ کی کونسے ہیں اور کس کا واسطہ دیکر دعا کی؟

جواب:  حضرت  آدم عليہ السلام  جب دنیا میں اتار دئیے گئے تو آپؑ نے محمد عربی ﷺ کا واسطہ دیکر دعا مانگی خداوند تعالیٰ نے معلوم کیا اے آدم( عليہ السلام  ) تونے میرے محبوب محمدﷺ  کو کیسے پہچانا حالانکہ میں نے اس کو ابھی تک پیدا بھی نہیں کیا ہے۔ حضرت  آدم عليہ السلام  نے عرض کیا اے میرے پروردگار جس وقت تونے مجھ کو اپنے ہاتھ سے پیدا کرکے میرے اندر روح پھونکی۔ میں نے سر اٹھا کر دیکھا عرش کے پاؤں پرلکھا ہوا تھا لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ پس میں نے سمجھ لیا تھاکہ تو نے اپنے نام کےساتھ اس نام کو اس لیے ملایا ہےکہ محمدﷺ  تجھ کو جملہ مخلوقات میں سب سے زیادہ محبوب ہیں۔ خداوند عالم نے فرمایا اے آدم( عليہ السلام  )تونے سچ کہا محمدﷺ  مجھ کو مخلوق میں سب سے زیادہ محبوب ہیں اور جب تو نے میرے محبوب کے واسطے سے سوال کی جھولی پھیلائی ہے تو میں تیری مغفرت کئے دیتاہوں۔ اگر میرا محبوب محمدﷺ  نہ ہوتا تو میں تجھ کو بھی پیدا نہ کرتا۔

( البدایہ: ۱ ، صفحہ: ۸۱ )

Loading