Daily Roshni News

سفارتخانہ پاکستان پیرس میں تئیس مارچ یوم پاکستان کے موقع پرپرچم کشائی کی پُروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا، مسلح افواج کے افسران نے سبز ہلالی پرچم کو سلامی دی،تقریب میں کمیونٹی نمائندوں  کی کثیر تعداد نے شرکت کی

پیرس۔     فرانس(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ رپورٹ۔۔۔ منیر احمد ملک) سفارتخانہ پاکستان پیرس میں یوم پاکستان تئیس مارچ کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی، قومی ترانے کی دُھن پر سفیر پاکستان ممتاز زہرہ بلوچ نے پرچم کشائی کی اور مسلح افواج کے افسران نے سلامی پیش کی ، تقریب میں پاکستانی خواتین و حضرات کی بڑی تعداد، سفارتی کور کے ارکان، میڈیا کے نمائندوں اور سفارتخانے کے حکام نے شرکت کی، تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز کیا گیا، بعد ازاں صدر پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے،سفیر پاکستان ممتاز زہرہ بلوچ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تقریب کا حصہ بننے پر شکریہ ادا کیا،اپنے خطاب میں سفیر پاکستان نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا سنگ میل ہے ، آج ہم ان تمام لوگوں کو یاد کرتے ہیں ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، جنہوں نے قیام پاکستان کے لئے جدوجہد کی ، قائد اعظم محمد علی جناح کی مخلص قیادت اور ان کے رفقاء نے انتھک جدوجہد سے مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن حاصل کیا،اس میں کسانوں ، اساتذہ ، طلباء ، ہر شعبہ زندگی کے لوگوں کا حصہ ہے۔  اور آج پاکستان کو اندرونی و بیرونی دشمنوں سے محفوظ رکھنے کے لئے افواج پاکستان قربانیاں دے رہی ہے۔

ہم کسی بھی شعبہ زندگی سے تعلق رکھتے ہوں ہماری پہلی پہچان پاکستان ہے ، اللہ تعالیٰ نے ہمیں پاکستان کی صورت میں جو تحفہ دیا ہے ، ہمیں اس کی حفاظت بھی کرنی ہے اور اسے مضبوط سے مضبوط تر بنانا ہے ، ملکی سلامتی اور پاکستان کی ترقی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی،       رپورٹ منیر احمد ملک پیرس فرانس

Loading