Daily Roshni News

26 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہیدکرنےکے بعد بھی اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار

غزہ میں 26 ہزار  سے زائد فلسطینیوں کو شہید کرنےکے بعد بھی اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار  ہے۔

 اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہےکہ اسرائیل غزہ پٹی سےاپنی فوج نہیں نکالےگا، تمام مقاصد حاصل ہونے تک جنگ ختم نہیں ہوگی۔

نیتن یاہو کا کہنا ہےکہ اسرائیل ہزاروں فلسطینی قیدیوں کو رہا نہیں کرےگا، حماس کا خاتمہ، یرغمالیوں کی واپسی اور غزہ سےدوبارہ خطرہ نہ ہونا ہمارے مقاصد ہیں۔

خیال رہےکہ اسرائیلی فوج کی جانب سےغزہ پٹی میں نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے۔

اسرائیلی فورسز کے حملوں میں مزید 114 فلسطینی شہید اور 249 زخمی ہوگئے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ غزہ پٹی پر7 اکتوبر سے جاری  اسرائیلی بمباری میں 26 ہزار 751 فلسطینی شہری شہید ہوئے جب کہ 65 ہزار 636 زخمی ہوچکے ہیں۔

مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کا وحشیانہ قتل عام جاری ہے، اسرائیلی فوجی طبی عملےکے بھیس میں اسپتال میں گھس گئے اور فائرنگ کرکے 3 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

دوسری جانب یرغمالیوں کی رہائی کے نئے معاہدے کی امریکی کوششوں پر حماس کا کہنا ہےکہ مجوزہ تجاویز کی قبولیت اسرائیلی جارحیت کے خاتمے اور قابض افواج کے انخلا سے مشروط ہے۔

حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کا کہنا ہےکہ حماس کسی بھی سنجیدہ تجاویز  پر بات کے لیے تیار ہے۔

اسماعیل ہنیہ کا کہنا ہےکہ ہم اپنےقیدیوں کی رہائی کے لیے ضمانت چاہتےہیں کہ اسرائیل دوبارہ گرفتار نہ کرے۔

اسماعیل ہنیہ نے کہا ہےکہ دنیا کو مغربی کنارے میں فلسطینیوں سے بدسلوکی، قتل عام اور جنگی جرائم  روکنےکے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالنا چاہیے۔

Loading