Daily Roshni News

استنبول میں سجا انٹرنیشنل کلچرل فیسٹیول: ثقافتوں کا رنگا رنگ میلہ

استنبول میں سجا انٹرنیشنل کلچرل فیسٹیول: ثقافتوں کا رنگا رنگ میلہ

استنبول، ترکیہ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل  ۔۔۔۔ نامہ نگار خصوصی ۔۔۔۔ سید رضوان حیدر بخاری)ترکیہ کے دو براعظموں میں واقع تاریخی و قدیمی شہر استنبول میں دنیا بھر کی ثقافتوں کو یکجا کرنے والا چھبیسواں سالانہ انٹرنیشنل کلچرل فیسٹیول ایک بار پھر اپنے تمام تر رنگوں اور رونقوں کے ساتھ شروع ہو گیا ۔ فیسٹیول کا مقصد مختلف ممالک کی تہذیب و ثقافت اور دستکاریوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنا اور عالمی سطح پر ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

اس سال اس فیسٹیول میں 55 ممالک کے ثقافتی طائفے شریک ہیں جن میں لاطینی امریکہ، یورپ، بالکان ریجن، مشرق وسطی، وسطی ایشیائی ریجن اور برصغیر کے ممالک شامل ہیں۔۔

تقریب کا آغاز ایک شاندار افتتاحی پریڈ سے ہوا جس میں مختلف ممالک کے روایتی لباس پہنے فنکاروں نے بھرپور شرکت کی۔ سٹیج پر فنکاروں نے نہ صرف اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کی بلکہ تماشائیوں کو دلکش رقص اور موسیقی سے بھی محظوظ کیا۔

 ہر ملک کے فنکاروں نے اپنے روایتی رقص، موسیقی، دستکاری، اور کھانوں کے ذریعے اپنی تہذیب کا شاندار مظاہرہ کیا۔

مقامی افراد کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی بڑی تعداد نے فیسٹیول میں شرکت کی اور مختلف ثقافتوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع پایا۔

فیسٹیول میں بچوں کیلئے بھی بہت سی ایکٹیویٹیز رکھی گئی ہیں جن سے بچے خوب مزے کر رہے ہیں۔۔۔

اس موقع پر بلدیہ کے چیئرمین ڈاکٹر حسن آچن نے کہا:

“یہ فیسٹیول صرف ایک ثقافتی تقریب نہیں بلکہ دلوں کو جوڑنے اور امن کا پیغام دینے کا ذریعہ ہے۔ ہم دنیا کے ہر کونے سے آئے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔”

فیسٹیول کے پہلے روز کے اختتام پر بین الاقوامی لوک رقص مقابلہ منعقد ہوا، جس میں بہترین پرفارمنس پر فنکاروں کو اعزازات سے نوازا گیا۔  تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا جس نے رات کو دن میں بدل دیا۔

یہ فیسٹیول ہر سال ترکیہ اور دنیا بھر کے عوام کے لیے نہ صرف ایک تفریحی موقع فراہم کرتا ہے بلکہ عالمی ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا ایک کامیاب ذریعہ بھی ثابت ہوتا جا رہا ہے۔

یہاں پر ایک انتہائی اہم چیز کی نشاندہی کرنا اور پاکستان میں اس معاملے کو متعلقہ اداروں تک پہچانا اور توجہ اس طرف مبذول کروانا بھی ضروری ہے کہ برصغیر سے بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور دیگر ممالک کے ثقافتی طائفے ہر سال اس بڑے فیسٹیول میں شرکت کرتے ہیں اور دنیا کو اپنی ثقافت اور دستکاریوں سے روشناس کرواتے ہیں۔ لیکن افسوس کہ پاکستان کی ایسے اہم اور بڑے فیسٹیول میں نمائندگی ہی نہیں ہوتی جبکہ ترکیہ اپنے برادرانہ تعلقات کا خیال رکھتا ہے اور انتظامیہ پاکستان کا پرچم ان تمام ممالک کے پرچموں کے ساتھ شامل کرتی ہے جو فیسٹیول میں حصہ لے رہے ہوتے ہیں  ۔۔۔

یہ فیسٹیول 7 روز جاری رہے گا اور دنیا بھر سے آئے فنکار آنے والوں کو اپنے فن اور پرفارمنسز سے محظوظ کریں گے۔۔۔۔۔۔۔

Loading