کسی کی ذاتی زندگی کا ایسا ہونا محض اتفاق ہو سکتا ہے۔😜
ایک ہنستا مسکراتا فن پارہ
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )راہ چلتے بازار میں ایک پانچویں پاس آدمی اور ایک اردو دان جو آپس میں زمانہ سکول میں دوست رہ چکے تھے، کی ملاقات ہوئی۔
دونوں خوب جوش سے بغل گیر ہوئے، کچھ بچپن کی پرانی یادیں تازہ کرنے کے بعد ایک دوسرے کی شادی شدہ زندگی کا حال پوچھنے لگے۔
“سناؤ! کیسی گزر رہی ہے زندگی؟” پانچویں پاس دوست نے پوچھا۔
اردو دان دوست چشمے ٹھیک کرتے ہوئے بولا:
“الحمد اللہ یار سب بہترین، مزے میں ہے۔ آپس میں خوب سمجھوتہ ہے۔ صُبح کی چائے تو میں ہی بناتا ہوں، تمہاری بھابی کو میرے ہاتھوں کی چائے بیحد پسند ہے۔
ناشتے کے وقت وہ میز پر برتن وغیرہ رکھتی ہے، بہت ہی سلیقہ شعار ہے۔ میں بس اس دوران ہم دونوں کا ناشتہ تیار کر لیتا ہوں۔
ناشتے کے بعد وہ میز پر برتن اکھٹے کر دیتی ہے اور میں اٹھا کر باورچی خانے لے جا کر دھو لیتا ہوں۔
میں لوگوں کے بڑھتے ہوئے موٹاپے کے پیش نظر خود کو چاک و چوبند رکھنے کا قائل ہوں اسی لئے جلدی جلدی سے سارے کپڑے دھو لیتا ہوں، مگر وہ ایسی بھلی مانس کہ کپڑے سکھانے کے لئے تار پر خود ہی ڈال دیتی ہے، مجھے تکلیف دینا مناسب نہیں سمجھتی اور خود یہ کام کرتی ہے۔
بھئی نظر نہ لگے، بڑی ہی چٹخوری اور کھانے کی رسیا ہے تمہاری بھابی۔۔۔ کھاتے پیتے گھرانے سے آئی ہے آخر۔۔
کبھی وہ ڪسی خاص پکوان کی فرمائش کر دیتی ھے اور کبھی میں خود اپنی مرضی سے کچھ پکا لیتا ہوں دفتر جانے سے پہلے۔
ماشاءالله میری بیوی بہت ہی سلیقہ مند اور صفائی پسند ہے۔ بس اِسی وجہ سے گھر کی صفائی ستھرائی کا میں بہت ہی خاص خیال رکھتا ہوں۔
اس نے صحیح معنوں میں مجھے فرض شناس اور ذمہ داریوں کو نبھانے والا بنا دیا۔
بس کیا کہوں زندگی گل و گلزار ہے۔
اردو دان نے پوچھا:
“تم سناؤ ، تمہاری زندگی کیسی گزر رہی ہے؟”
پانچویں پاس دوست جو کہ تذبذب کا شکار تھا،
کھنکھارتے ہوئے بولا:
“او یارا کیا کہوں
ذلت تو میری بھی اتنی ہی ہو رہی ہے جتنی کہ تمہاری۔۔۔۔
لیکن میری اردو اتنی اچھی اور مزے کی نہیں ہے”۔
کیوں دوستو کیسا لگا یہ فن پارہ۔۔۔۔؟🤣🤣
سب اپنے گھروں میں سلامت رہیں، خوش اور آباد رہیں اور ہاں اردو کو اچھے طریقے سے ضرور سیکھیں۔۔😜😜
دعا کا طالب
محمد عظیم حیات
لندن