اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرپرسن بیرسٹر امجد ملک کا اچانک اور مختصر دورہ استنبول
استنبول، ترکیہ (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل، ۔۔۔نمائندہ خصوصی۔۔۔ سید رضوان حیدر بخاری)اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرپرسن بیرسٹر امجد ملک کی استنبول آمد پر پاکستانی طلبہ برادری نے اُن کا پُرتپاک استقبال کیا۔ میر اسرار نے حافظ وسیم اور ملک فیصل اعوان کیساتھ ایئرپورٹ پر اُن کا خیرمقدم کیا، جس کے بعد ایک مختصر عشائیہ ملاقات طلبا کی جانب سے ایک خوشگوار “کھلی کچہری” میں تبدیل ہوگئی۔
اس موقع پر طلباء و طالبات کے ساتھ استنبول کی مشہور کاروباری شخصیت اور ن لیگی رہنما جناب غلام مصطفی گھمن بھی موجود تھے۔۔
میر اسرار نے اپنے ابتدائیے میں تمام حاضرین کو اپنی آراء اور تجاویز شیئر کرنے کی دعوت دی۔ اس موقع پر استنبول کی مختلف جامعات کے طلباء و طالبات نے اپنے تجربات، مسائل اور مستقبل کے عزائم سے بیرسٹر امجد ملک کو آگاہ کیا۔ طلباء و طالبات نے، طلباء کیلئے میڈیکل انشورنس کے مسلے کو اجاگر کیا اور طلباء کیلئے صحت کی سہولیات کی طرف حکومتی توجہ مبذول کروائی۔
قونصل خانے کے عملے کی جانب سے ناروا سلوک اور عملے میں بہتر کسٹمر کیئر کی تربیت ایجنٹوں کے زریعے ترکیہ آنے والے افراد کی مشکلات اور پاکستان واپس جانے کی صورت میں ٹریول ڈاکومینٹ میں مشکلات، پہلا بینک اکاؤنٹ کھلوانے میں حائل رکاوٹیں، انٹرنیشنل لائسینس اور تصدیق کے عمل کی مشکلات، طلباء کے رہائشی مسائل، مرنے والوں کی میت وطن واپس بھیجنے کے حوالے سے مشکلات اور دیگر بے شمار مسائل اور مشکلات کو بیرسٹر صاحب کے گوش گزار کیا۔۔
یرسٹر امجد ملک نے طلبہ کے جذبے اور خلوص کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ اُن کے مسائل اور آواز متعلقہ حکام تک پہنچائی جائے گی جو ان پر عملی اقدامات کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم پاکستان نے اپریل کنوینشن میں دور رس اثرات کے حامل اقدامات کا اعلان کیا ہے جس پر عمل درآمد سے تصدیق ، سفارتی روابط اور شکایتی عمل جیسے کافی سارے مسائل حل ہو جائیں گے۔ لندن سے پنجاب لینڈ رجسٹریشن نے بائیومیڑک ای سروس کا آغاز کیا ہے، یہ پراجیکٹ آگے چل کر نادرا کی مدد سے بہت ساری سہولیات آن لائن کردے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے اسلام آباد میں اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کے چھتیس اضلاع میں خصوصی عدالتیں تشکیل دے دی ہیں جن میں ملک سے باہر بیٹھ کر ای پٹیشن ، سماعت میں گواہی دی جاسکے گی، اور مقدمات کا فیصلہ چھ ماہ میں ہوگا۔ قبضہ مافیا کے خاتمے کیلئے باہم اقدامات کئے جارہے ہیں اسی طرح انسانی اسمگلنگ کے سرپرستوں پر بھی فیری الٹنے کے واقعات کے بعد حکومت تیزی سے سکل ڈیویلپمنٹ کے ادارے تشکیل دے رہی ہے تاکہ افرادی قوت بڑھانے کیلئے تربیت یافتہ عملہ باہر بھجوایا جاسکے اور ایجنٹ مافیا کی بیخ کنی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سفارت خانے آپ کی خدمات کیلئے معمور ہیں، لیکن شنوائی نہ ہونے پر وزیراعظم ، وزیراعلی اور او پی ایف اور او پی سی سمیت متعلقہ پورٹل سے داد رسی کیلئے رجوع کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اکتوبر کے آخر میں طلباء کانفرنس کا انعقاد کررہے ہیں اور اس میں ترکیہ سے نمائیندوں کو شرکت کی دعوت دیں گے تاکہ مناسب تجاویز آگے پہنچائی جاسکیں ۔
انہوں نے استنبول میں مقیم پاکستانی طلبہ کے اتحاد، تعلیمی کارکردگی اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اُجاگر کرنے کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا اور ملک سے باہر صرف پاکستانی بننے پر زور دیا۔