Daily Roshni News

زندگی واقعی ہزار رنگ و روپ رکھتی ہے۔انتخاب ۔۔۔۔ چوہدری اکرام الحق

زندگی واقعی ہزار رنگ و روپ رکھتی ہے۔

انتخاب ۔۔۔۔ چوہدری اکرام الحق

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ انتخاب ۔۔۔۔ چوہدری اکرام الحق)یہ کبھی ہُنستی ہوئی تتلی بنتی ہے، کبھی بھیگی آنکھوں والا بادل۔کبھی ہمیں بانہوں میں سمیٹ لیتی ہے، تو کبھی سوالات کی بارش سے جگا دیتی ہے۔یہ ہمیں مسلسل بدلتی ہے، پرکھتی ہے، بناتی ہے، کبھی توڑ کر… کبھی جوڑ کر۔

اسی زندگی میں سچائی کا سنہرا رنگ بھی ہے تو جھوٹ کا گدلا پن بھی…

نیکی کی روپہلی کرنیں بھی ہیں تو بدی کی سیاہی بھی۔

امن کی سفیدی بھی ہے تو ظلم کی سیاہی بھی۔

رحمت کا سبزہ بھی ہے تو زحمت کے سلیٹی بادل بھی۔

سمندروں سی نیلاہٹ بھی ہے تو مٹی کا خاکی رنگ بھی۔

خونِ دل کی سرخی بھی ہے تو دل خون کر دینے والوں کے چہرے کی پیلاہٹ بھی۔

*آنکھیں ہیں ویران اور پردرد چہرہ*

*خون جل جل کے ہوا رنگ زرد میرا*

*ایسے نہ سہی ویسے سہی رنگا گیا میں تو*

*کاش مجھے سچ مچ رنگ دیا جائے*

*وارثی وجاہت*

مگر…

کیا تم نے کبھی غور کیا؟

ہر رنگ ہمیں ایک نیا سبق دیتا ہے۔

ہر کیفیت ہمیں سوچنے کی نئی راہ دکھاتی ہے۔

کبھی یہ رنگ سمجھ آتے ہیں… کبھی فقط ٹٹولے جاتے ہیں۔

*زندگی کی ساری تصویروں میں سب سے روشن رنگ اللّہ کی رحمت کا ہے۔*

*وہ رحمت… جو خاموش ہے مگر مسلسل ہمارے ساتھ ہے۔*

*جو دکھائی نہیں دیتی، مگر سائے کی طرح ہم پر چھائی رہتی ہے۔*

*ہم خطاکار ہیں، کمزور ہیں، بھولنے والے ہیں…*

*مگر وہ رحمت پھر بھی ہمیں تھامے رکھتی ہے۔*

*’’لوگ کہتے ہیں کہ سایا تیرے پیکر کا نہ تھا*

*میں یہ کہتا ہوں جہاں بھر پہ ہے سایا تیرا‘‘*

*یہ وہی رحمت ہے جسے اللّٰہ نے “رحمت اللعالمین” ﷺ کی صورت میں مجسم کر دیا۔*

*سو جو درودوں کی چھاؤں میں رہتے ہیں، انہیں کسی دھوپ کا خوف نہیں رہتا۔*

*جن کی راتیں محبوبِ خدا ﷺ کی یاد سے روشن رہتی ہیں،*

*انہیں کسی تاریکی کی کیا پرواہ؟*

*جب دل ان سے جڑ جائے… تو پھر ہر اندھیرا اپنی راہ خود بدل لیتا ہے۔*

جس نے سمجھ لیا کہ ہر اچھائی اور ہر برائی بھی اللہ کی رضا کے دائرے میں ہے…

وہ پھر شکوہ نہیں کرتا، تسلیم کرنا سیکھ لیتا ہے۔

*کہ جو کچھ بھی اس کے پاس ہے، وہ سب محبوبِ خدا ﷺ کے  نعلین پاک کا صدقہ ہے*

پھر اس کے لیے کوئی مشکل… مشکل نہیں رہتی،

کوئی راستہ… تنگ نہیں رہتا،

کوئی آنسو… رائیگاں نہیں جاتا۔

اور شاید یہی زندگی کا حسن ہے…

کہ ہم رنگوں سے نہیں جیتے،

بلکہ ان رنگوں کے خالق پر بھروسہ کر کے جیتے ہیں۔

زندگی کا اصل کمال یہی ہے کہ انسان رنگوں کے پیچھے چھپی حکمت کو پڑھ لے۔

جب وہ جان لے کہ دکھ بھی عطا ہے اور سکون بھی عطا…

تب ہر قدم، پر سنگ میل، ہر مشکل موڑ، ہر امتحان… اور ہر انعام…..

سب کچھ یکساں ہو جاتا ہے

*اور ادراک کر لینے والوں کو اٹھنے والا ہر قدم منزل سے قریب تر کر دیتا ہے۔*

وارثی وجاہت

Loading