Daily Roshni News

کائنات میں الٹی دنیا دریافت ہو گئی، سائنس دان حیران

کائنات میں الٹی دنیا دریافت ہو گئی، سائنس دان حیران

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )کاینات میں 117 نوری سال دوری پر، سرخ بونے ستارے کے گرد الٹا بنا ہوا (inside out) سیاروی نظام دریافت ہوا ہے جس نے فلکیاتی نظریات کو جھٹکا لگا دیا ہے، اس الٹی دنیا یعنی الٹی ساخت کے نظام کو دیکھ کر سائنس دان حیران رہ گئے ہیں۔

ماہرینِ فلکیات نے کاینات میں ایک ایسا سیاروی نظام دریافت کیا ہے جو سیاروں کے بننے کے موجودہ نظریات کے خلاف ہے، جو الٹی دنیا جیسے تصوراتی خیال جیسا ہے۔ اس نظام میں گیس والے سیاروں کے باہر ایک چٹانی سیارہ موجود ہے، حالاں کہ نظریے کے مطابق وہاں گیس والا سیارہ ہونا چاہیے تھا۔

یہ دریافت یورپی خلائی ادارے کی چیپس (Cheops) خلائی دوربین سے کی گئی۔ یہ نظام زمین سے 117 نوری سال دور برج لنکس (Lynx) کی سمت میں واقع ہے۔ یہ چار سیاروں پر مشتمل ہے۔ دو سیارے چٹانی ہیں اور دو گیس والے۔

یہ تمام سیارے ایک سرخ بونے ستارے ایل ایچ ایس 1903 کے گرد گردش کر رہے ہیں۔ یہ ستارہ سورج کے مقابلے میں آدھی کمیت اور صرف 5 فیصد روشنی رکھتا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ ممکن ہے چوتھا سیارہ بعد میں بنا ہو، جب گیس کم بچی تھی۔ ایک امکان یہ بھی ہے کہ اس کی گیس والی فضا کسی ٹکر کے باعث ختم ہو گئی ہو۔

برطانیہ کی یونیورسٹی آف واروک سے تعلق رکھنے والے ماہرِ فلکیات تھامس ولسن، جو اس تحقیق کے مرکزی مصنف ہیں اور جن کی تحقیق سائنسی جریدے سائنس میں شائع ہوئی، نے کہا ’’سیاروں کی تشکیل کے موجودہ نظریے کے مطابق میزبان ستارے کے قریب بننے والے سیارے عموماً چھوٹے اور چٹانی ہوتے ہیں، جن میں گیس یا برف نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہاں درجہ حرارت بہت زیادہ ہوتا ہے، جو گیس یا برف کو برقرار نہیں رہنے دیتا، اور جو فضا بنتی بھی ہے وہ ستارے کی شعاعوں سے ختم ہو سکتی ہے۔‘‘

انھوں نے کہا ’’اس کے برعکس زیادہ فاصلے پر بننے والے سیارے سرد علاقوں میں بنتے ہیں جہاں گیس اور برف کی بہتات ہوتی ہے، جس سے موٹی فضا والے گیس سے بھرپور سیارے وجود میں آتے ہیں۔ یہ نظام اس تصور کو چیلنج کرتا ہے کیوں کہ یہاں گیس والے سیاروں کے باہر ایک چٹانی سیارہ موجود ہے۔‘‘

ویب ڈیسک

Loading