کچھ کرنسیاں صرف پیسہ ہی نہیں ہے بلکہ اپنے اندر صدیوں پرانی کہانی سموئے ہوئے ہیں۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )برطانوی پاؤنڈ بھی ایسی ہی ایک کرنسی ہے، جس کی جڑیں تقریباً 1200 سال پہلے تک جاتی ہیں۔ اس کی کہانی آٹھویں صدی میں شروع ہوتی ہے، جب انگلینڈ میں ایک بادشاہ، King Offa of Mercia، نے ایک منظم کرنسی نظام متعارف کروایا۔ اُس وقت “پاؤنڈ” کوئی سکہ نہیں تھا بلکہ چاندی کے وزن کا پیمانہ تھا، اور ایک پاؤنڈ چاندی کو تقریباً 240 چھوٹے سکوں میں تقسیم کیا جاتا تھا جنہیں پینی کہا جاتا تھا۔
وقت کے ساتھ دنیا بدلی، سلطنتیں بدلیں، اور کرنسی کے نظام بھی تبدیل ہوتے گئے۔ سکے مختلف دھاتوں میں آنے لگے، پھر کاغذی نوٹ آئے، اور آج ڈیجیٹل لین دین تک بات پہنچ چکی ہے۔ ایک دلچسپ فرق یہ بھی ہے کہ پہلے ایک پاؤنڈ میں 240 پینیز ہوتے تھے، جبکہ آج کے دور میں ایک پاؤنڈ میں صرف 100 پینیز ہوتے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ نظام وقت کے ساتھ کس قدر سادہ اور جدید بنا دیا گیا ہے۔
ایک دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ آج بھی “ایک پینی” اپنی جگہ مکمل اہمیت رکھتی ہے۔ اکثر آپ نے قیمتیں دیکھی ہوں گی جیسے 9.99£ یا 4.99£، یہ محض اتفاق نہیں بلکہ ایک نفسیاتی اور تجارتی حکمتِ عملی ہے، جس سے قیمت کم محسوس ہوتی ہے، اور یہی ظاہر کرتا ہے کہ آج کے جدید دور میں بھی ایک پینی کی اپنی قدر اور حیثیت موجود ہے۔
آج کے دور میں بھی برطانوی پاؤنڈ کو دنیا کی مضبوط اور مستحکم کرنسیوں میں شمار کیا جاتا ہے، اور عالمی سطح پر اس کی ایک خاص اہمیت اور وقعت ہے۔
اگر موجودہ دور کے پاؤنڈ سکے کی بات کی جائے تو آج کا 1£ سکہ جدید دھاتوں کے امتزاج سے بنایا جاتا ہے۔ اس کا بیرونی حصہ عموماً سنہری رنگ کا ہوتا ہے جو نکل براس (Nickel-Brass) سے بنتا ہے، جبکہ اندرونی حصہ چاندی نما ہوتا ہے جو نکل پلیٹڈ الائے سے تیار کیا جاتا ہے۔ اس کا وزن تقریباً 8.75 گرام ہوتا ہے اور اس کا قطر قریباً 23 ملی میٹر کے آس پاس ہوتا ہے۔ اس طرح یہ نہ صرف مضبوط اور پائیدار ہے بلکہ جدید سیکیورٹی فیچرز کے ساتھ بنایا گیا ہے تاکہ اسے آسانی سے نقل نہ کیا جا سکے۔
لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ ان تمام تبدیلیوں کے باوجود “پاؤنڈ” کا نام صدیوں سے برقرار ہے، اور یہی وجہ ہے کہ اسے دنیا کی قدیم ترین جاری رہنے والی کرنسیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
آپ کے خیال میں…
اگر آج بھی چاندی کے وزن سے لین دین ہوتا، تو دنیا کیسی ہوتی؟
پوسٹ اچھی لگے تو آگے تک ضرور پہنچائیے۔۔
دعا کا طالب
محمد عظیم حیات
لندن
#funpaaray #facts #interesting #Amazing #uk #pound
![]()

