Daily Roshni News

مشرقِ وسطیٰ جنگ بندی: اسحاق ڈار کی سعودی، ترک اور مصری وزرائے خارجہ کے ساتھ اہم بیٹھک

مشرق وسطیٰ میں جنگ رکوانے کے لیے کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔ اسی سلسلے میں اتوار کے روز اسلام آباد میں اہم سفارتی مشاورتی بیٹھک ہوئی۔ جس میں پاکستان، سعودی عرب، مصراورترکیہ کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے۔ ملاقات کے دوران خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں سمیت مختلف امور پرغور کیا گیا۔

اس اہم مشاورتی اجلاس میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سعوی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان، ترکیے کے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی شریک ہوئے۔

اجلاس کے بعد وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ ان کی دعوت پر پاکستان آئے اور ان کے ساتھ ملاقاتیں انتہائی مفید رہیں۔

اسحاق ڈار کے مطابق اجلاس میں خطے کی موجودہ صورت حال پر تفصیلی اور گہرائی سے گفتگو کی گئی اور جنگ کے جلد اور مستقل خاتمے کے لیے ممکنہ راستوں سمیت چاروں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزرائے خارجہ نے جاری تنازع کو خطے میں انسانی جانوں اور معاشی سرگرمیوں کے لیے انتہائی تباہ کن قرار دیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں بلکہ صرف تباہی کا سبب بنے گی۔ بیان کے مطابق ملاقات میں مسلم امہ کے اتحاد کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے مہمان وزرائے خارجہ کو اسلام آباد میں ممکنہ امریکا ایران مذاکرات کے امکانات سے آگاہ کیا، جس پر تمام ممالک نے مکمل حمایت کا اظہار کیا اور کشیدگی کم کرنے، فوجی تصادم کے خطرات کو محدود کرنے اور بامقصد مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر اتفاق کیا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا دونوں نے مذاکرات میں سہولت کاری کے لیے پاکستان پر اعتماد کیا ۔ ہم دونوں ممالک کے درمیان بامعنی مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔ اس حوالے سے امریکی قیادت سے بھی رابطے جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں چین نے بھی پاکستان کے اس اقدام کی مکمل حمایت کی، جبکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بھی پاکستان کی امن کوششوں کی تائید کی ہے۔

اسحاق ڈار کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ نے بھی پاکستان کی کوششوں پر اعتماد اور حمایت کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خلوص نیت اور عزم کے ساتھ اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور خطے میں امن کے قیام کے لیے عالمی برادری کی حمایت کا طلب گار ہے۔

Loading