Daily Roshni News

‘جلدی کریں نماز کیلئے دیر ہو رہی ہے’، بابر کی وائرل ویڈیو نے مداحوں کے دل جیت لیے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ان دنوں سری لنکا میں لنکا پریمیئر لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں اور وہ ٹیم کولمبو اسٹرائیکرز کی نمائندگی کررہے ہیں۔

بابر اعظم نے حال ہی میں لنکا پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں شاندار سنچری بھی اسکور کی جس میں انہوں نے گال ٹائٹنز کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور  8 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی اور صرف 59 گیندوں پر 104 رنز بنائے۔

اب سری لنکا سے ہی بابر اعظم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس نے ان کے مداحوں کے پھر سے دل جیت لیے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق میچ کے بعد بابر اعظم سے رپورٹرز بات کررہے تھے لیکن وہ وقت نماز کا تھا، بابر نے رپورٹرز کو کہا کہ جلدی کریں، نماز کا وقت جارہا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق گال ٹائٹنز کے خلاف میچ میں بابر اعظم کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جس کے بعد ان کو انٹرویو دینا تھا جس میں تاخیر پر بابر اعظم نے آرگنائزرز سے کہا کہ اس مرحلے کو تیز کریں کیونکہ نماز جاری ہے۔

بابر کی مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس پر مداح قومی کپتان کو سراہ رہے ہیں۔

Loading