سعودی عرب نے ایران میں اپنا نیا سفیر مقرر کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے تہران میں اپنا نیا سفیر تعینات کر دیا ہے، ایران میں سعودی عرب کا سفارت خانہ آئندہ چند روز میں کھل جائے گا۔
ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ایران بھی جلد سعودی عرب میں اپنا نیا سفیر تعینات کرے گا۔
دوسری جانب ایران کے وزیرخزانہ احسان خاندوزی کی قیادت میں وفد جدہ پہنچ گیا،چین کی ثالثی میں سفارتی تعلقات بحالی کے بعد ایرانی عہدیدار کایہ پہلا دورہ ہے۔
خیال رہے کہ کئی برسوں کی کشیدگی کے بعد چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں بہتری آرہی ہے۔
10 مارچ کو طے پانے والے معاہدے کی شرائط کے اندر دونوں ممالک نے دو ماہ کے اندر نئے سفیروں کی تعیناتی اور اپنے سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے 2016 کے بعد سفارتی تعلقات کی بحالی کا فیصلہ کیا جس کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات بھی ہوچکی ہے جب کہ ایرانی صدر نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی جانب سے دورہ سعودیہ کی دعوت بھی قبول کی ہے۔