Daily Roshni News

درخواست برائے وضاحت غلط فہمی۔۔ تحریر۔۔۔۔سجل ملک

درخواست برائے وضاحت غلط فہمی

تحریر۔۔۔۔سجل ملک

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ درخواست برائے وضاحت غلط فہمی۔۔ تحریر۔۔۔۔سجل ملک )میرا نام دسمبر ہے 12 بھائیوں میں میرا نمبر سب سے آخری ہے یعنی میں سب سے چھوٹا ہوں  سب پیارب سے مجھے ماگھ کہتے ہیں اپ اسے نک نیم بھی کہہ سکتے ہیں، ہم سب بھائی ایک دوسرے سے مختلف ہیں اگر آپ ہم سب بھائیوں کے بارے میں جاننے تو آپ کو پتہ چلے گا کہ ہم بارہ بھائی صرف موسم کے لحاظ سے ہی مختلف نہیں مزاج بھی مختلف رکھتے ہیں بلکہ ہر ایک کی اپنی اپنی شدت اور مزاج ہے اپنی اپنی اہمیت و افادیت اور نوعیت ہے ہر ایک کے اپنے اپنے رنگ اور موسم ہیں۔

میں سب سے آخری ہوں اور چھوٹا بھی اس حوالے سے تو مجھے لاڈلا ہونا چاہیے تھا لیکن مجھے ہمیشہ اداس دکھی اور درد و زخم کے ساتھ یاد کیا جاتا ہے  اور مجھے مختلف  اداس ناموں سے متعارف کرایا جاتا ہے۔ جن میں سے کچھ نام درجہ زیل ہیں

اداس دسمبر

 بے وفا دسمبر

 تنہا دسمبر

 تیری یادیں اور دسمبر

 دسمبر نے بہت دکھ دیے ہیں وغیرہ وغیرہ

جب کہ میرے خیال میں ،میں نے دانستہ کبھی کسی کا دل دکھانے یا کسی کو کسی سے جدا کر نے یا کسی کے  ہجر و فراق کا سبب نہیں بنا ،نہ میں نے کبھی کسی کی مندمل ہوتے زخموں کو کریدا ہے اور نہ دکھ کی راکھ تلے دبی چنگاریوں کو ہوا دی ہے لیکن پتہ نہیں کیوں مشرق و مغرب کے شاعر حضرات ہوں یا ادیب انہوں نے ہمیشہ میرا تعارف حجر و فراق رنج و الم، بے وفا کی یاد،اور بچھڑنے والے ثالث کی حیثیت سے کروایا مجھے ہمیشہ دکھی بے وفا اور ماضی کی تلخ یادوں کے حوالے سے ہی یاد کیا گیا۔ چلیں ٹھیک ہے مان لیا کہ ایسا ہی ہے جو آپ لوگوں نے میرے بارے میں کہا جو رائے قائم کی جو لکھا اور جو سمجھا وہ سب ٹھیک ہے لیکن میں کچھ کہنا چاہتا ہوں کہ میں بچھرے ہووں کے وصال کا سبب بھی تو بنتا ہوں بھولے ہوئے کی یاد بھی میں ہی دلاتا ہوں پہاڑوں پر جمی سفید چادر کی خوبصورتی کا سبب بھی تو میں ہی ہوں کپکپاتی  اور ٹھٹھرتی ہوائیں سہانی شاموں کا موجب بھی تو میں ہی ہوں سوپ قہووں،  جلیبیاں اور آگ کے گرد بیٹھ کر شعر و شاعری کے ساتھ کافی پینے کا جو مزہ میری وجہ سے ہے اس کا باعثِ بھی تو میں ہی ہوں  شوخ رنگوں کا تعین میرے مزاج کے حوالے سے ہی تو کیا جاتا ہے گرما گرم پکوڑے چائے خشک میواجات یہ سب بھی تو میری ہی وجہ سے ہے۔ یقین مانیے میرا کسی کے ہجر و فراق سے کوئی لینا دینا نہیں میں نے کبھی کسی کو بے وفائی کے لیے مجبور نہیں کیانہ میں نے کبھی چاہا کہ میرے آنے سے کسی کے غم اور درد میں اضافہ ہو یہ صرف سراسر آپ لوگوں کی اپنی سوچ و خیالات اور حرکتوں کا نتیجہ ہے ۔

 برائے مہربانی  میرے جذبات کا خیال رکھا جائے مجھ پر ایسا کوئی الزام نہ لگایا جائے جس سے میری اہمیت و نوعیت کو نقصان پہنچے اور میری شہرت میں کمی واقع ہو۔ ایک دفعہ پھر وضاحت کر دوں کہ مندرجہ بالا تمام الزامات بے بنیاد ہیں آپ یہ سارے کام کسی بھی مہینے میں کر سکتے ہیں آپ پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

 امید ہے آپ میرے جذبات کا خیال رکھیں گے اور کئی صدیوں سے مجھ پر جو الزامات لگائے جا رہے ہیں ان پر نظر ثانی کریں گے میرا کام بھی باقی موسموں کی طرح آنا ہے اپنا وقت گزارنا ہے اور جانا ہے اس سے جڑی اچھی یا بری اداس یا خوشی کا تعلق کا فیصلہ آپ کا اپنا ہے ۔

بہت شکریہ

ماہ دسمبر

Loading