اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کا فوجی نیٹ ورک مکمل تباہ کرنے کا دعویٰ کر دیا اور ساتھ ہی شمالی غزہ میں بڑی جنگی کارروائیاں روکنے کا اشارہ دے دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجی ترجمان کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیاہے کہ اسرائیل نے غزہ کے شمال میں فلسطینی مسلح گروپ حماس کا نیٹ ورک تباہ کردیا۔
ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے تقریباً 8 ہزار جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کے بعد اب شمالی غزہ میں حماس کے ملٹری فریم ورک کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے جس کے بعد بڑی جنگی کارروائیاں ختم ہوسکتی ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے خان یونس میں گھر پر تازہ حملے میں 12بچوں سمیت 17 فلسطینی شہیدہوئے جبکہ رفح کے شمال میں گھر پر اسرائیلی بمباری میں متعدد بچے زخمی ہوگئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری میں فلسطینی اولمپک فٹ بال ٹیم کے کوچ بھی شہید ہوگئے۔فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن نے ہانی المصدر کی موت کو بڑا نقصان قرار دیا۔
7 اکتوبر سے اب تک 67 فٹبالرز سمیت 88 کھلاڑیوں کے علاوہ 24 منتظمین مارے جاچکے ہیں۔
اس کےعلاوہ رفح کے نزدیک ایک گاڑی پر اسرائیلی میزائل حملے میں الجزیرہ کے بیورو چیف وائل الدحدوح کا بیٹا حمزہ ساتھی صحافی سمیت شہید ہوگیا۔
وائل الدحدوح کی اہلیہ، بیٹا، بیٹی اور نواسا بھی اکتوبر میں اسرائیلی بمباری میں شہید ہوچکے ہیں۔
مغربی کنارے میں اسرائیلی ڈرون حملے میں7 فلسطینی شہید

دوسری جانب مغربی کنارے کے علاقے جنین میں اسرائیلی ڈرون حملے میں7 فلسطینی شہیدہوگئے،ڈرون حملے میں سڑک پر موجود شہریوں کو نشانہ بنایا گیا،شہید ہونے والوں میں چارسگے بھائی تھے۔جنین میں اسرائیلی فوج کی نفری بڑی تعداد میں تعینات ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کو فلسطینیوں کی جانب سے شدید مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا،فلسطینی مزاحمت کاروں نے دھماکا خیز ڈیوائس سے اسرائیلی فوجی گاڑی کو تباہ کردیا۔
7 اکتوبر سے اب تک مغربی کنارے میں 332 فلسطینی شہید اور 3 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے جبکہ سرائیلی چھاپا مار کارروائیوں میں 5 ہزار 600 فلسطینیوں کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔
حزب اللہ کے شمالی اسرائیل پر حملے
ادھر لبنانی تنظیم حزب اللہ نے شمالی اسرائیل پر حملے کیے، جبل ہرمون کے اسرائیلی فضائی اڈے پر 62 راکٹ داغے جس کے بعد اسرائیلی علاقوں میں سائرن بج اٹھے۔
جواب میں اسرائیل نے حزب اللہ کے بیش تر راکٹ مار گرانے کا دعویٰ بھی کیا۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 23 ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ 57 ہزار 910 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہید فلسطینیوں میں 9 ہزار 600 سے زائد بچے اور 6 ہزار 750 سے زائد خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں بھی 8 ہزار 663 بچے اور 6 ہزار 327 سے زائد خواتین شامل ہیں۔