Daily Roshni News

فلمی الف لیلیٰ، فلمی و ادبی شخصیات کے سکینڈلز۔ علی سفیان آفاقی کی زبانی۔۔۔

فلمی الف لیلیٰ، فلمی و ادبی شخصیات کے سکینڈلز۔ علی سفیان آفاقی کی زبانی۔۔۔

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )انجمن کے کامیاب ہیروئن بننے میں کچھ زیادہ ہی وقت لگ گیا۔ ’’وعدے کی زنجیر‘‘ دو بڑے اداکاروں کی موجودگی کے باوجود کامیاب نہ ہوسکی۔ ایک نئی ہیروئن کیلئے یہ بہت بڑا صدمہ تھا۔ عام طور پر اداکاروں کی قسمت کا فیصلہ ان کی پہلی فلم کی کامیابی یا ناکامی ہی کرتی ہے۔ مگر بعض اوقات اس اصول میں تھوڑی تبدیلی بھی د یکھنے میں آتی ہے اور کئی فنکار ابتدائی ناکامیوں کے باوجود آخرکار کامیابی کی منزل تک پہنچنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ اگرچہ یہ معدودے چند ہی ہوتے ہیں۔ انجمن کو بھی اس فہرست میں شمار کیا جاسکتا ہے۔

’’وعدے کی زنجیر‘‘ ایک میوزیکل رومانی فلم تھی مگر انجمن فلم میں اپنے کردار کا بوجھ نہ اٹھا سکی۔ اچھی موسیقی اور دو سپر اسٹار کی بیساکھیاں بھی اسے کھڑا کرنے میں ناکام رہیں۔ دیکھنے والوں کو وہ بہت زیادہ پسند بھی نہیں آئیں۔ مگر یہ غنیمت ہے کہ انہوں نے اسے ناپسند نہیں کیا تھا۔

شباب صاحب کو اپنے انتخاب پر بہت مان تھا۔ انہوں نے ’’وعدے کی زنجیر‘‘ کے بعد انجمن کو دوسری فلم میں پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اس بار انجمن کے ساتھ انہوں نے ایک اور سپر اسٹار ندیم کو پیش کرنے کا منصوبہ بنایا۔ اس فلم کا نام ’’دو راستے‘‘ تھا۔ اس فلم کی کاسٹ بھی معمولی نہ تھی۔ ندیم کے ساتھ ایک اور ہیرو شاہد بھی اس فلم میں موجود تھا۔ یہی نہیں ایک اور کامیاب ہیروئن ممتاز بھی اس میں جلوہ گر تھیں۔ یہ دو جوڑوں کی کہانی تھی۔ اس کی بنیاد بھی رومان اور موسیقی پر رکھی گئی تھی۔

’’وعدے کی زنجیر‘‘ فروری ۱۹۸۹ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ اپنے دستور کے مطابق شباب صاحب نے برقی رفتاری سے اپنی دوسری فلم مکمل کی اور مئی ۱۹۸۰ء میں اسے نمائش کیلئے پیش کردیا۔ مگر قسمت کے آگے ایک پیش نہ چلی ’’دو راستے‘‘ بھی کامیابی سے ہمکنار نہ ہوسکی۔

کوئی اور ہوتا تو ہمت ہار کر بیٹھ جاتا۔ مگر ان صاحب کا نام شباب کیرانوی تھا۔ شباب صاحب اپنے انتخاب بلکہ حسنِ انتخاب کی یہ بے قدری برداشت نہیں کرسکے۔ انجمن انہیں پسند تھی۔ انہوں نے بڑے اعتماد کے ساتھ اس کے مستقبل کے بارے میں پیش گوئی کی تھی۔ اس کی ناکامی انہیں گوارا نہیں تھی۔ اس کی دوسری فلم کے بعد بھی انہوں نے اپنی امیدیں قائم رکھیں۔

انجمن انہیں بنی بنائی ہیروئن نظر آتی تھی۔ پھر وہ کامیاب کیوں نہیں ہوئی؟ یہ جاننے کیلئے انہوں نے تیسری فلم بھی بنا ڈالی۔

یہ ایک کامیڈی تھی۔ اس زمانے میں کامیدی فلموں کا دور نئے سرے سے شروع ہو رہا تھا۔ اس سے فائدہ اٹھا کر شباب صاحب نے بھی ایک ہلکی پھلکی فلم بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

’’آپ سے کیا پردہ‘‘ ایک دلچسپ فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم میں ایک بار پھر محمد علی کو انجمن کے ہیرو کے طور پر پیش کیا گیا۔ کامیاب مزاحیہ اداکار علی اعجاز، صاعقہ اور ڈانسر عشرت چودھری بھی اس فلم کی کاسٹ میں شامل تھے۔ ’’آپ سے کیا پردہ‘‘ اسی سال میں ریلیز کردی گئی مگر یہ فلم بھی سپر ہٹ نہ ہوسکی۔ انجمن کو فلم بینوں نے پسند کیا اور نہ ناپسند۔ جو ہیروئن اپنی ابتدائی تین فلموں میں کامیابی حاصل نہ کرسکے اس کا فلمی صنعت میں بھلا کیا مستقبل ہوسکتا ہے؟ مگر یہ انجمن تھی جس کے مقدر میں کاتب تقدیر نے بہت بڑی کامیابیاں اور کامرانیاں لکھ دی تھیں۔ یہ کیسے ممکن تھا کہ تقدیر کا لکھا پورا نہ ہوتا۔

کم از کم شباب صاحب انجمن کے بارے میں مایوس ہوگئے تھے یہی وجہ ہے کہ اوپر تلے تین فلموں میں موقع دینے کے بعد انہوں نے انجمن کی سرپرستی سے ہاتھ کھینچ لیا۔ مگر یہ بات خود ان کی سمجھ میں بھی نہیں آئی تھی کہ آخرپبلک نے انجمن کو ہیروئن کے طور قبول کیوں نہیں کیا؟ حالانکہ وہ بنی بنائی ہیروئن تھی؟

انجمن کیلئے حوصلہ افزا بات یہ تھی کہ فلم بینوں نے اسے مسترد نہیں کیا تھا۔ اگر فلم ہٹ ہوجائے تو اس کے ساتھ ہر چیز ہٹ ہوجاتی ہے۔ انجمن کی فلمیں ہٹ نہ ہوسکی تھیں مگر انجمن فلاپ بھی نہیں ہوئی تھی۔ دیکھنے والوں کو اس کا دلنواز سراپا اور پرکشش چہرہ اچھا لگا تھا۔ تو پھر کمی کس بات کی تھی؟ اس بار انجمن کو ایک اور بڑے اور تجربہ کار ہدایت کار نے آزمانے کا فیصلہ کیا۔ یہ پرویز ملک تھے۔ پرویز ملک بہت سی کامیاب فلمیں بنا چکے تھے۔ ذہین ہدایتکاروں میں ان کا شمار ہوتا تھا۔ سوچ سمجھ کر فلمیں بناتے تھے۔ انہوں نے ایک نئی فلم ’’رشتہ‘‘ کا آغاز کیا تو انجمن کو بھی اس فلم کی کاسٹ میں شامل کرلیا۔ ’’رشتہ‘‘ کوئی معمولی کاسٹ کی فلم نہ تھی۔ سپراسٹار ندیم اور مقبول ترین ہیروئن شبنم بھی اس کی کاسٹ میں شامل تھے۔ اور بھی کئی بڑے فنکار اس میں جلوہ گر تھے۔ مثلاً صبیحہ خانم، نجمہ محبوب، ساقی، علاؤالدین وغیرہ۔ مگر قدرت کو تو انجمن کو پنجابی فلموں کی مایہ ناز ہیروئن بنانا تھا۔ پھر وہ کسی اردو فلم میں کامیابی سے کیوں کر ہم کنار ہوسکتی تھی؟

’’رشتہ‘‘ بھی ہٹ نہ ہوسکی اور وقتی طور پر انجمن کو بھی یہ احساس پیدا ہوگیا کہ شاید اس کے اندر ایک مقبول اور کامیاب ہیروئن بننے والی صلاحیتیں اور خوبیاں موجود نہیں ہیں۔ شباب کیرانوی اور پرویز ملک جیسے ہدایتکاروں اور محمد علی، وحید مراد، ندیم اور شاہد جیسے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کے باوجود وہ ایک کامیاب اور مقبول ہیروئن نہیں بن سکی تھی۔ انجمن نے فلموں میں اداکاری تو شروع کردی تھی مگر اس کے ساتھ ہی اپنے پرانے پیشے کو بھی مکمل طور پر خیرباد نہیں کہا تھا کہ عقل مندی اور مصلحت کا تقاضا یہی تھا کہ وہ محتاط رہے اور اپنے تمام انڈے ایک ہی ٹوکری میں نہ ڈال دے۔ چار فلموں میں وہ قسمت آزمائی کرچکی تھی۔ بڑی بڑی، کامیاب اور مقبول ہیروئنوں کے ہوتے ہوئے کیا کوئی فلم ساز یا ہدایتکار اس کو ایک اور موقع دے گا؟ یہ سوال انجمن کیلئے خاصا پریشان کن تھا۔ لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ اس کی خوداعتمادی اور شوق میں ذرا بھی کمی نہیں آئی تھی۔ وہ پہلے دن کی طرح پر امید تھی۔

Loading