Daily Roshni News

اسرائیل سے کشیدگی: ایرانی حکومت نے دفاعی بجٹ میں 200 فیصد اضافہ تجویز کردیا

تہران: ایران نے اسرائیل سے کشیدگی کے بعد اپنے دفاعی بجٹ میں غیر معمولی اضافے پر غور شروع کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران اپنے دفاعی بجٹ میں تین گنا اضافے کی منصوبہ بندی کررہا ہے جس کی تصدیق حکومتی ترجمان کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔

ایرانی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہےکہ اسرائیلی حملے اور غزہ و لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت کی روشنی میں دفاعی بجٹ میں غیر معمولی اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکومتی ترجمان کے مطابق حکومت نے دفاعی بجٹ میں اضافے کے معاملے کو منظوری کیلئے پارلیمنٹ کو بھجوادیا ہے جس کے تحت دفاعی بجٹ میں 200 فیصد تک اضافہ زیر غور ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ دفاعی بجٹ میں اضافے کی تجویز پر پارلیمنٹ میں قانون ساز بحث کریں گے جس کے بعد مارچ تک اس کی حتمی منظوری کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی فوجی نے 2023 میں 10.3 بلین امریکی ڈالر کے قریب اخراجات کیے تھے جس کی تصدیق ایک انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے تھنک ٹینک نے بھی کی تھی جب کہ اس کے مقابلے میں اسرائیلی فوج نے 2023 میں 27.5 بلین امریکی ڈالر خرچ کیے۔

Loading