Daily Roshni News

چیمپئنز ٹرافی: بھارت پاکستان نہ آنے کی تحریری وجوہات دے، پی سی بی نے آئی سی سی کو خط لکھ دیا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارت  کے  پاکستان آنے سے انکار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو خط لکھ دیا۔

ذرائع  کے مطابق پی سی بی نے چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کے معاملے پر  آئی سی سی کو خط لکھا جس میں کرکٹ بورڈ نے بھارت کے پاکستان آنے سے انکار کی وجوہات طلب کی ہیں۔

پی سی بی نے   آئی سی سی کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی بورڈ انکار کی وجہ لکھ کر دے۔

چند روز قبل بھارتی کرکٹ بورڈ نے  زبانی  طور پر آئی سی سی کو بتایا تھا کہ وہ ٹیم پاکستان نہیں بھیجے گا جس کے بعد آئی سی سی نے  پی سی بی کو بھارت کے پاکستان نہ آنے سے متعلق آگاہ کیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم نہ بھیجنے کے بی سی سی آئی کے فیصلے پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے مائنس انڈیا فارمولے پر غور شروع کردیا ہے۔

ادھر  بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل سے انکار پر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جنوبی افریقا منتقل کردی جائے گی۔

واضح رہےکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ سال 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے جس میں 8 ٹیموں نے شرکت کرنا ہے۔

Loading