علامہ افتخار علی چشتی کی روشنی نیوز کے مدیر اعلیٰ
جاوید عظیمی سے بذریعہ ٹیلی فون حج 2025 کے قافلے
کی تیاری کے سلسلے میں تفصیلی گفتگو۔۔۔!!
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشل – نمائندہ خصوصی) اللہ تعالیٰ کے آفاقی اور آخری دین ، دین اسلام کا حج اہم ترین فریضہ ہے۔ اس کی ادائیگی کے لئے ہر مسلمان کا دل تڑپتا ہے مگر اللہ تعالٰی کے احکامات اور نبی رحمتﷺ کی تعلیمات کے مطابق حج کی ادائیگی انہی خواتین و حضرات پر فرض ہے جو مالی استطاعت رکھتے ہوں۔ عصر حاضر میں دنیا بھر میں مہنگائی کی بدولت مذکورہ فریضہ کے اخراجات بھی دن بدن بڑھتے چلے جارہے ہیں. ان اخراجات کی پرواہ کئے بغیر فرزندان توحید دنیا کے ہر گوشے سے حجاز مقدس کے سفر کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔ گزشتہ دنوں ہالینڈ کے معروف عالم دین علامہ افتخار علی چشتی نے آن لائن اردو اخبارروزنا مہ روشنی نیوز انٹرنیشنل کے مدیر اعلی محمد جاوید عظیمی سے بذریعہ ٹیلی فون گفتگو کے دوران حج 2025 کے لئے قافلے کی تیاری کے سلسلے میں سے بتایا کہ انشااللہ میری سرپرستی میں پہلی بار حج قافلہ مئی کے مہینے میں دو ہفتوں کے لئے حجاز مقدس کے لئے روانہ ہوگا، مگر اگر کوئی اس دورانیے کو تین ہفتے تک بڑھانا چاہے تو یہ بھی ممکن ہے ۔
علامہ افتخار علی چشتی نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مزیدیہ کہا کہ ہمارے اس قافلے کی رہنمائی کے لئے اردو اور ولندیزی زبان پر دسترس رکھنے والے علمائے کرام کی خدمات میسر ہوں گی ۔ ایک سوال کے جواب میں علامہ افتخار علی چشتی نے بتایا کہ حج کے قافلے کی روانگی سے قبل تربیتی نشست کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں قافلے میں جانے والے خواتین و حضرات کو حج کی ادائیگی کے سلسلے میں اہم معلومات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے مزید کہا حج کی ادائیگی کے لئے ہوٹلوں کے کمروں میں مختلف خیالات اور مزاجوں کے افراد رہائش پزیر ہوتے ہیں جو چھوٹی چھوٹی باتوں پر ایک دوسرے سے اختلاف شروع کر دیتے ہیں، ان افراد کو رسول محتشمﷺ کی تعلیمات کے مطابق صبر، عفو درگزر اور معاملہ فہمی کی تلقین بھی کی جائے گی تاکہ ماحول میں خوشگواری اور امن کا عنصر نمایاں رہے ۔ آخر میں علامہ افتخار علی چشتی نے روشنی نیوز کے مدیر اعلی جاوید عظیمی کا خصوصی گفتگو کے لئے وقت دینے پر صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا جبکہ جاوید عظیمی نے ان کی کامیابی کے لئے دعائیہ کلمات ادا کئے۔مزید معلومات کے لئے خبر کے نیچے شائع شدہ پوسٹر کا مطالعہ کریں