آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت اور بنگلادیش کے میچ کے براڈکاسٹ میں ایونٹ لوگو پر پاکستان کا نام نہ ہونے کے معاملے پر آئی سی سی نے اپنی غلطی تسلیم کرلی۔
خیال رہے کہ آج بھارت اور بنگلادیش کے میچ کے براڈکاسٹ میں ایونٹ لوگو پر پاکستان کا نام نہیں لکھا گیا جس پر ناظرین کی جانب سے سوالات اٹھائے گئے تھے۔
گزشتہ روز ہونے والے نیوزی لینڈ اور پاکستان کے میچ کے براڈکاسٹ میں لوگو پر پاکستان درج تھا۔
اب آئی سی سی نے اس معاملے میں تکنیکی خرابی کا اعتراف کرلیا ہے۔
ترجمان آئی سی سی کا کہنا ہےکہ گرافکس کی غلطی تکنیکی وجہ سے ہوئی جو کل سے درست ہوجائےگی، میچ کے دوران اس لوگو کو تبدیل کرنا ممکن نہیں تھا۔
ترجمان کے مطابق آئی سی سی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر میچ کے کلپس پر لوگو میں پاکستان کا نام موجود ہے، پاکستان کا نام صرف براڈ کاسٹ کے لوگو سے غائب رہا۔