منہاج القرآن یونان کے زیر اہتمام بڑی گیارہویں شریف کی روحانی محفل کا انعقاد
یونان: (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔انصراقبال بسراء )منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیر اہتمام منہاج اسلامک سنٹر ماراتھونا میں “بڑی گیارہویں شریف کی روحانی محفل بسلسلہ ایصالِ ثواب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے چھوٹے بھائی، انجینئر محمد طارق فرید قادری مرحوم، نہایت عقیدت و احترام سے منعقد ہوئی۔
اس پرنور محفل میں یونان بھر سے سیاسی، سماجی، مذہبی، کاروباری، صحافتی، ادبی شخصیات، کمیونٹی رہنماؤں، عوام الناس اور منہاج القرآن کے رفقاء و کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ بلال نے حاصل کی۔ بعد ازاں، مقامی ثناخوانوں نے آقائے دو جہاں ﷺ کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ راجہ احتشام نے خصوصی کلام پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی ،
روحانی محفل سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی نے کہابھائی اپنے بھائیوں کی جان ہوتے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے چھوٹے بھائی، انجینئر محمد طارق فرید قادری مرحوم، نہایت بااخلاق، خادمِ دین اور محبتِ رسول ﷺ سے سرشار شخصیت تھے۔ ان کی خدمات اور محبتیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔قرآنِ پاک میں ولایت، ولی، اولیاء کا ذکر نوے مرتبہ آیا ہے، اور غوثِ اعظم نے بھی نوے سال عمر پائی۔ ولایت کرامت کا نام نہیں، ولایت استقامت کا نام ہے۔” صدر منہاج القرآن یونان، ارسلان خرم چیمہ نے تمام شرکاء، مہمانانِ گرامی، منتظمین اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس روحانی محفل کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔
محفل کے اختتام پر حاضرین نے کھڑے ہو کر آقائے دوجہاں ﷺ کی بارگاہ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ آخر میں طارق فرید قادری مرحوم کے درجات کی بلندی، مملکتِ پاکستان کی ترقی و خوشحالی، اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔