Daily Roshni News

میٹا کے اے آئی چیٹ بوٹس اب آپ کو خود میسجز کرسکیں گے، رپورٹ

میٹا نے صارفین کی نجی زندگی میں مداخلت کرنے کا ایک نیا ذریعہ تلاش کرلیا ہے۔

درحقیقت اگر آپ کو آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں غیر متوقع طور پر میٹا اے آئی (کمپنی کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹ) کی جانب سے میسجز موصول ہوں تو اس پر حیران نہ ہوں۔

کمپنی کی جانب سے ایک فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے جس کے تحت میٹا اے آئی کی جانب سے صارفین کے پروموٹ کے بغیر ہی چیٹ شروع کی جاسکے گی۔

اس سے بھی زیادہ حیران کن بات یہ ہے کہ اے آئی چیٹ بوٹ یاد رکھ سکے گا کہ صارف نے ماضی میں اس سے کیا بات چیت کی تھی اور اس پر وہ مزید چیٹ بھی کرسکے گا۔

ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مارک زکربرگ کی زیرملکیت کمپنی کی جانب سے میٹا اے آئی کے اس فیچر کی آزمائش کی کسٹمائز چیٹ بوٹس میں کی جا رہی ہے۔

میٹا اے آئی اسٹوڈیو کے یہ چیٹ بوٹس صارفین کو ماضی کی چیٹس کو مدنظر رکھ خود سے میسجز بھیج سکیں گے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کمپنی کے اندر اس آزمائشی فیچر کو پراجیکٹ اومنی کا نام دیا گیا ہے اور اس کا مقصد چیٹ بوٹس کی انگیج منٹ کو بہتر بنانا ہے جبکہ کمپنی کو توقع ہے اس کی بدولت صارفین بھی زیادہ وقت میٹا سروسز پر گزاریں گے۔

میٹا کے اے آئی اسٹوڈیو میں صارفین اپنی دلچسپی کی بنیاد پر اے آئی کریکٹر تیار کرسکتے ہیں۔

میٹا کے مطابق یہ اے آئی بوٹ درحقیقت صارفین کی ذات کا حصہ ہوتے ہیں جن کو آپ اپنی مرضی کے مطابق کسٹمائز کرسکتے ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس نئے پراجیکٹ کے تحت چیٹ بوٹس کی جانب سے اسی وقت صارفین کو خود پیغامات بھیجے جائیں گے، جب صارف نے گزشتہ 14 دن کے دوران ان سے کم از کم 5 بار چیٹ کی ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق اس طرح کے اے آئی بوٹس سے زیادہ طویل انگیج منٹ سے کمپنی کی آمدنی میں اضافہ ہوتا ہے اور رواں سال کے دوران میٹا کو اے آئی پراڈکٹس سے 2 سے 3 ارب ڈالرز آمدنی کی توقع ہے۔

اسی طرح 2035 تک یہ آمدنی 1400 ارب ڈالرز تک پہنچ سکتی ہے اور ایسا اسی وقت ممکن ہے جب اے آئی ٹولز کو تسلسل سے استعمال کیا جائے، تو یہ نیا فیچر اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

میٹا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایسے میسجز اسی وقت اے آئی کی جانب سے بھیجے جائیں گے ، جب صارف نے اس سے پہلے خود چیٹ اسٹارٹ کی ہو۔

ترجمان کے مطابق اگر صارف کی جانب سے اے آئی چیٹ بوٹ کے میسج کو نظر انداز کر دیا جائے گا تو پھر وہ دوبارہ میسجز نہیں کریگا۔

Loading