مرکزی منہاج اسلامک سنٹر ایتھنز میں شہادتِ امام حسینؑ کانفرنس کا انعقاد
ایتھنز، یونان (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔رپورٹ: ۔۔۔انصر اقبال بسراء )منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیراہتمام مرکزی منہاج اسلامک سنٹر ایتھنز میں سالانہ شہادت امام حسینؑ کانفرنس عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کی گئی۔ اس روحانی و فکری نشست میں یونان بھر سے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات، علمائے کرام، نوجوانان اور محبان اہلبیت نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد منہاج نعت کونسل نے حضور نبی کریم ﷺ کی بارگاہ میں نعتوں کا نذرانہ پیش کیا۔ قصیدہ گوئی کے ذریعے حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جس سے فضا سوگوار مگر پراثر ہو گئی۔
مرکزی خطاب ممتاز عالم دین علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی نے فرمایا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں فلسفہ شہادت امام حسینؑ کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ کربلا ہمیں باطل کے خلاف ڈٹ جانے اور حق پر ڈٹے رہنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقامؑ نے اپنے خون سے اسلام کے نظریاتی و اخلاقی اصولوں کی آبیاری کی۔
کانفرنس کے آخر میں شہدائے کربلا کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی اور حاضرین کو نیاز بھی پیش کی گئی۔ منتظمین نے تمام مہمانان گرامی اور محبان اہلبیت کا شکریہ ادا کیا جن کی معاونت سے یہ عظیم الشان پروگرام بخوبی منعقد ہوا۔