Daily Roshni News

چینی کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد: پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ایف بی آر کے چینی کی درآمد سے متعلق نوٹیفکیشن کا نوٹس لے لیا۔

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر کی سربراہی میں کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں حکومتی فیصلے کی روشنی میں چینی کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کی منظوری کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا اور کمیٹی نے اس سلسلے میں ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کا نوٹس لے لیا جب کہ ایس آر او پر وضاحت کے لیے چیئرمین ایف بی آر کو اگلے اجلاس میں طلب کیا گیا ہے۔

 ممبر کمیٹی معین عامر نےکہا کہ چینی سے متعلق یہ پریکٹس کئی سال سے ہم دیکھتے آرہے ہیں، ایکسپورٹ پر بھی پیسے لیتے ہیں اور چینی مہنگی بھی ہو جاتی ہے، چینی کے معاملے پر ہمیں ایکشن لینا چاہیے، ایسا بار بار ہو رہا ہے۔

اس موقع پر ثناء اللہ مستی خیل کا کہنا تھا کہ یہ عوام کی جیبوں پر ڈاکا ہے، چند لوگوں کو نوازنے کا ایک طریقہ ہے، یہاں مافیا پل رہا ہے اور غریب عوام کو رلایا جا رہا ہے۔

چیئرمین کمیٹی جنید اکبر نے کہا کہ اگلے اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر کو بلائیں گے۔

واضح رہے کہ حکومت نے نے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ دی تھی جس کا نوٹیفکیشن ایف بی آر نے جاری کیا تھا تاہم آئی ایم ایف نے اس پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے جس کے بعد ٹی سی پی نے 3 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کا ٹینڈر واپس لے کر 50 ہزار میٹرک ٹن درآمد کا ٹینڈر جاری کیا۔

Loading