Daily Roshni News

اسرائیل میں شہریوں کو ایران کیلئے جاسوسی سے روکنے کیلئے اشتہاری مہم شروع

تل ابیب: اسرائیل نے بدھ کے روز ملک گیر اشتہاری مہم شروع کی ہے جس میں شہریوں کو ایران کے لیے جاسوسی سے بچنے اور اس کے سنگین نتائج سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

اس مہم کا عنوان ’آسان رقم، بھاری قیمت‘ (Easy Money, Heavy Cost) رکھا گیا ہے اور یہ ریڈیو، بڑی انٹرنیٹ ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر چلائی جا رہی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس مہم کو اسرائیلی سکیورٹی ایجنسی شین بیت اور نیشنل پبلک ڈپلومیسی ڈائریکٹوریٹ نے تیار کیا ہے۔

اس مہم کے تحت چلنے والے 20 سیکنڈ کے 2 اشتہارات میں سے ایک میں ایک باپ کو اپنے خاندان کے ساتھ کھانا کھاتے دکھایا گیا ہے جبکہ دوسرے میں ایک شخص کو دوستوں کے ساتھ بیٹھے دکھایا گیا ہے۔ اس کے بعد اسکرین پر کیپشن آتا ہے کہ ’5 ہزار شیکل کے لیے کیا آپ اپنی زندگی اور خاندان کو برباد کرنا چاہیں گے؟‘

5 ہزار شیکل (تقریباً 1490 امریکی ڈالر) اس رقم کی طرف اشارہ ہے جو ایران کے لیے جاسوسی  کرنے والے اسرائیلیوں کو دی گئی۔

اشتہار میں خبردار کیا گیا کہ ایران سے رقم لینے والے اب جیل میں ہیں اور انہیں 15 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے، پیغام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسرائیلی ’ایرانی دشمن‘ کی مدد نہ کریں۔

نیشنل پبلک ڈپلومیسی ڈائریکٹوریٹ کے مطابق شین بیت اور پولیس نے گزشتہ سال کے دوران ایران کے لیے خفیہ معلومات اکٹھی کرنے کے لیے مبینہ طور پر بھرتی کیے گئے درجنوں اسرائیلیوں کو گرفتارکیا، جن میں سے 35 سے زیادہ افراد پر سنگین سکیورٹی الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کی جاچکی ہے۔

Loading