Daily Roshni News

دوران پرواز بھارتی ائیرلائن کے انجن میں خرابی، پائلٹ نے ’مے ڈے‘ کی بجائے ’پین پین‘ کی کال کیوں دی؟

دہلی سے گوا جانیوالی بھارتی ائیرلائن انڈیگو کے  طیارے کے انجن میں خرابی کے بعد ممبئی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 16 جولائی کو بھارتی ائیر لائن انڈیگو کی فلائٹ دہلی سے گوا جارہی تھی ، طیارے میں 191 مسافر موجود تھے تاہم اسی دوران پائلٹ کی جانب سے “PAN PAN PAN” الرٹ جاری کیا گیا  اور  پھر کچھ ہی دیر میں فلائٹ کو بحفاظت ممبئی ائیر پورٹ پر لینڈ کروالیا گیا ۔

ائیر لائن ترجمان کے مطابق فلائٹ کو منوہر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اس وقت مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب فلائٹ کا ایک انجن خراب ہوگیا۔

ائیر لائن ترجمان نےبتایا کہ طیارے کے  پائلٹ نے   ایک انجن میں خرابی کی اطلاع کیلئے ’پین پین‘ کی کال دی جس کے بعد فلائٹ کا ہنگامی عملہ متحرک ہوگیا ، ائیرپورٹ کی فائر اینڈ ریسکیو سروسز، طبی عملہ اور گراؤنڈ سپورٹ ٹیمز  ہوائی جہاز کے نیچے آنے سے پہلے ہی  اسٹینڈ بائی پوزیشنز  پر  پہنچ گئیں، فلائٹ کو تمام عملے اور مسافروں سمیت بحفاظت نیچے اتار لیا گیا۔

ائیر لائن کی جانب سے بھی طیارے کے ایک انجن میں خرابی کی تصدیق کی گئی اور  واقعے کے طیارے کو سروس سے ہٹادیا گیا ہے۔

PAN PAN کیا ہے؟

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ’ PAN PAN‘  دراصل ایک معیاری اور انٹرنیشنل ریڈیو سگنل ہے جسے پائلٹ دوران پرواز ہنگامی (  نہ کہ جان لیوا )صورتحال میں استعمال کرتے ہیں ۔

 اس سگنل کے تحت پائلٹ   انجن کی جزوی خرابی، بورڈ پر میڈیکل ایمرجنسی، کم ایندھن یا کوئی غیر اہم مکینیکل ناکامی وغیرہ کی نشاندہی  کرتے ہیں۔

اس الرٹ سے  مراد یہ ہوتا ہے کہ یہ سنگین  صورتحال فوری طور پر طیارے کے عملے اور مسافروں کی جان کیلئے خطرہ نہیں لیکن ان پر توجہ کی ضرورت ہے، پین کال مے ڈے کال سے ایک درجے نیچے ہے۔

’مے ڈے‘ کال کیا ہے؟

‘مے ڈے’ کال کو زیادہ تر ہوا بازی کے شعبے میں پائلٹ ایمرجنسی کی صورت میں استعمال کرتا ہے۔

امریکی ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق جب ریڈیو کے ذریعے بات کرتے ہوئے ڈسٹریس یعنی ایمرجنسی میں سگنل کمزور ہو جاتے ہیں اور دوسروں کی بات واضح سمجھ نہ آ رہی ہو تو اس دوران ’مے ڈے‘ کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے۔

Loading