Daily Roshni News

چین کی 600 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے دوڑتی ماگلیو ٹرین — ہوائی جہاز سے بھی تیز!

چین کی 600 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے دوڑتی ماگلیو ٹرین — ہوائی جہاز سے بھی تیز!

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )چین نے ایک انتہائی تیز رفتار ٹرین تیار کر لی ہے جو 600 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو کہ ہوائی جہازوں سے بھی زیادہ تیز ہے۔ اگر اسے پاکستان کے تناظر میں دیکھا جائے تو یہ ٹرین کراچی سے لاہور کا فاصلہ صرف ڈھائی گھنٹے میں طے کر سکتی ہے۔

فی الحال جاپان کی ماگلیو ٹرین (MLS Maglev) کو دنیا کی تیز ترین ٹرین قرار دیا جاتا ہے جو 361 میل فی گھنٹہ (تقریباً 580 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے دوڑتی ہے۔ تاہم، چین کی نئی میگنیٹک لیویٹیشن (Maglev) ٹیکنالوجی پر مبنی ٹرین اس رفتار کو بھی پیچھے چھوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ماگلیو ٹیکنالوجی کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ٹرین مقناطیسی قوت کے ذریعے فضا میں معلق ہو جاتی ہے، جس کے باعث رگڑ، شور اور دیگر رکاوٹیں نہ ہونے کے برابر رہتی ہیں، اور یوں رفتار میں زبردست اضافہ ممکن ہوتا ہے۔

حال ہی میں اس ٹرین کے کانسیپٹ ماڈل کو ایک بین الاقوامی ریلوے نمائش میں پیش کیا گیا، جہاں یہ انکشاف کیا گیا کہ یہ ٹرین صرف 7 سیکنڈ میں 600 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اس شاندار رفتار کی بدولت بیجنگ سے شنگھائی کا فاصلہ جو اس وقت ساڑھے پانچ گھنٹے میں طے ہوتا ہے، مستقبل میں محض ڈھائی گھنٹے میں طے کیا جا سکے گا۔

اس ماگلیو ٹرین کی ابتدائی آزمائش چین کے صوبے ہوبئی (Hubei) میں قائم Donghu لیبارٹری میں جون کے مہینے میں کی گئی، جہاں 1968 فٹ طویل ٹریک پر ٹرین نے صرف 7 سیکنڈ میں 404 میل فی گھنٹہ (تقریباً 650 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار حاصل کر لی۔

تاہم، اس شاندار ٹیکنالوجی کو کمرشل بنیادوں پر فعال کرنے کے لیے ابھی مزید تحقیق، ترقی اور انفرا اسٹرکچر کی ضرورت ہے، اور یہ واضح نہیں کہ کب تک یہ ٹرین عوامی سفر کے لیے دستیاب ہو گی۔

Loading