اسلام آباد: تحریک انصاف نے ناراض امیدواروں کے دستبردار نہ ہونےکی صورت میں اپوزیشن سے مقابلہ کرنےکا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن سے مقابلے کی صورت میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان 6، 5 سیٹوں کا معاہدہ ختم ہوجائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ناراض امیدواروں کو اتوار سے پہلےکاغذات نامزدگی واپس لینےکی ہدایت کی گئی ہے، اگر پی ٹی آئی کے ناراض امیدوار دستبردار نہ ہوئے تو ان کے خلاف کارروائی کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے ناراض امیدواروں کو راضی کرنے کے لیے دو میٹنگز ہوئیں، ناراض امیدواروں کی جانب سےکاغذات نامزدگی واپس لینے سے انکار پرمعاملہ پولیٹیکل کمیٹی کے حوالےکیا گیا۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہےکہ پہلی میٹنگ میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور امیدواروں نے شرکت کی، دوسری میٹنگ ویڈیوکال پر ہوئی جس میں ناراض امیدواروں نے شرکت نہیں کی، اس کے بعد معاملہ پولیٹیکل پارٹی کے سپردکیا جس نے پارلیمانی پارٹی کے فیصلے کی توثیق کی۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں کی 6 نشستیں لینے کے فیصلے اور بلامقابلہ سینیٹ الیکشن کے فیصلے کی بھی توثیق کی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ امید ہےباقی سینیٹ امیدوار پولیٹیکل کمیٹی کے فیصلے کا احترام کریں گے جب کہ کاغذات واپس نہ لینے پر دوبارہ فیصلہ کریں گےکہ امیدواروں سے متعلق کیا کرنا ہے۔
اس سلسلے میں سینیٹ امیدوار عرفان سلیم نےکہا کہ پولیٹیکل کمیٹی کی جانب سےکاغذات واپس لینے کے فیصلے پر ورکرز سے مشاورت کروں گا جس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کروں گا۔