Daily Roshni News

پنجاب میں آج سے مزید بارشوں کی پیشگوئی، بارشوں کا یہ سلسلہ زیادہ طاقتور ہوگا، پی ڈی ایم اے

لاہور: پنجاب کے بیشتر اضلاع میں  آج مون سون بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق  صوبےکے بیشتر اضلاع میں آج مون سون بارشوں کا امکان ہے اور مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ زیادہ طاقتور ہے جب کہ بارشوں کا چوتھا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہے گا۔

ترجمان کا بتانا ہے کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں بارشیں متوقع ہیں۔

ترجمان کے مطابق لاہور ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور ملتان میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

ڈی جی  پی ڈی  ایم  اے عرفان علی نے بتایا کہ دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، دریاؤں ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے جب کہ دریائے راوی، جہلم، ستلج اور چناب کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ڈی جی کے مطابق دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

Loading