اپنا دل زندہ کرو ہر طرف زندگی نظر آئے گی
مصنف:- حضرت واصف علی واصف رحمتہ اللہ علیہ
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ اپنا دل زندہ کرو ہر طرف زندگی نظر آئے گی ۔۔۔ مصنف۔۔۔ حضرت واصف علی واصف ؒ)زندگی گزارنے کے جواز تلاش نہیں کئے جاتے، صرف زندہ رہا جاتا ہے – زندگی گزارتے چلے جاوء، جواز مل جائے گا – اگر آپ کو کسی طرف سے کوئی محبت نہیں ملی، تو مایوس نہ ہوں – آپ خود ہی کسی سے محبت کرو – کوئی با وفا نہ ملے، تو کسی بے وفا سے ہی سہی – محبت کرنے والا زندگی کو جواز عطا فرماتا ہے – زندگی نے آپ کو اپنا جواز نہیں دینا بلکہ آپ نے زندگی کو زندہ رہنے کے لئے جواز دینا ہے -آپ کو کوئی انسان نہ نظر آئے تو کسی پودے سے پیار کرو، اس کی پرورش کرو، اسے آندھیوں سے بچاؤ، طوفانوں سے بچاؤ، وحوش و طیور سے بچاؤ، تیز دھوپ سے بچاؤ، زیادہ بارشوں سے بچاؤ – اس کو پا لو پروان چڑھاوء – پھل کھانے والے کوئی اور ہوں، تب بھی فکر کی کوئی بات نہیں – کچھ بھی نہیں تو یہی درخت کسی مسافر کو دو گھڑی سایہ ہی عطا کرے گا – کچھ نہیں تو اس کی لکڑی کسی غریب کی سردی گزارنے کے کام آئے گی – آپ کی محنت رائیگاں نہیں جائے گی -آپ کو زندہ رہنے کا جواز اور ثواب مل جائے گا – کچھ نہ ہو سکے تو کسی پتھر کو صیقل کرو، پالش کرو، اس پر محنت کرو،پتھر کا آئینہ بن جائے گا – اس آئینے کے اندر زندگی کا جواز لکھا ہو گا ____
اگر آپ کی نگاہ بلند ہونے سے قاصر ہے، تو اپنے پاؤں کے پاس دیکھو – کوئی نہ کوئی چیز آپ کی توجہ کی محتاج ہو گی -کچھ نہیں تو محبت کا مارا ہوا کتا ہی آپ کے لئے زندہ رہنے کا جواز مہیا کرے گا_____
یہ کائنات آپ کی توجہ کی محتاج ہے – کائنات سے توجہ طلب کرنا اتنا اہم نہیں جتنا اس کو توجہ دینا اور یہی جینے کا جواز ہے – دنیا مایوس ہو کر زندگی کے جواز سے، زندگی کے جواز کی رائیگاں تلاش میں ہے – آپ لوگوں کی اس تلاش کو اپنی توجہ سے سرفراز کرو – دنیا توجہ مانگ رہی ہے – اپنا گردو پیش آپ کی اپنی نگاہ توجہ کا طلب گار ہے ___
انسان پر کبھی راستہ بند نہیں ہوتا – یہ بات یاد رکھی جائے کہ ہر دیوار کے اندر دروازہ ہے جس میں سے مسافر گزرتے رہتے ہیں – مایوسیوں کی دیواروں میں اس کی رحمت امید کے دروازے کھولتی رہتی ہے – انتظار ترک نہ کیا جائے – رحمت ہو گی – امید کا چراغ جلے گا ____
کتاب:- حرف حرف حقیقت
مضمون:- جواز_ہستی
مصنف:- حضرت واصف علی واصف رحمتہ اللہ علیہ