Daily Roshni News

راولپنڈی واقعہ: جرگے کے سربراہ کا خاتون کو خود قتل کرنے کا انکشاف

راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی میں شادی شدہ خاتون کے قتل کا حکم دینے والے جرگے کے سربراہ عصمت اللہ نے دوران تفتیش تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔

پولیس کی جانب سے درج نئی ایف آئی آر کے مطابق دوران تفتیش جرگے کے سربراہ عصمت اللہ نے بتایا کہ اس کے جرگے کے فیصلے پر سدرہ کو قتل کیا۔

ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ مقتولہ اس کی کزن تھی، مقتولہ کے شوہر عثمان کے گھر اسلحہ لےکر داخل ہوا، اسلحے کے زور پر مقتولہ کو مظفرآباد سے راولپنڈی لایا۔

عصمت اللہ نے بتایا کہ برادری کے فیصلے کے مطابق سدرہ عرب کا قتل کیا اور لاش قبرستان میں دفن کی۔

ملزم نے اعتراف کیا کہ قتل کے وقت صالح محمد، امانی گل وغیرہ اس کے ساتھ تھے۔

عصمت اللہ نے خاتون کو قتل کرنے کے اعترف کرنے کے ساتھ آلہ قتل سے متعلق تفصیلات بھی بتا دیں۔

ملزم کی نشاندہی پر کلاشنکوف برآمد کر لی گئی جبکہ پولیس کے مطابق ملزم کلاشنکوف کا لائسنس پیش نہ کر سکا جس کے بعد اس کے ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں پولیس نے ایک اور مقدمہ درج کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ 16 اور 17 جولائی کی درمیانی شب راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی میں شادی شدہ خاتون کو قتل کر کے قبرستان میں دفن کر دیا گیا تھا۔

Loading