Daily Roshni News

غزہ میں اسرائیلی بربریت: گھر پر بمباری سے 8 افراد پر مشتمل پورا خاندان شہید

غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ہے اور ایک گھر پر تازہ ترین صیہونی حملے میں 8 افراد پر مشتمل پورا خاندان شہید ہو گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے نواحی علاقے زیتون میں ایک گھر پر اسرائیلی حملے میں پورا خاندان شہید ہو گیا، شہید ہونے والوں میں ماں باپ اور ان کے 6 بچے شامل ہیں۔

قبل ازیں اسرائیل کی جانب سے غزہ سٹی میں صحافیوں کے خیمے پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں الجزیرہ کے 2 صحافی اور 3 کیمرا آپریٹر شہید ہوگئے۔

شہدا میں الجزیرہ کے صحافی انس الشریف، محمد قریقہ، کیمرا آپریٹر محمد ظاہر، محمدنوفل اور مومین علیوا شامل ہیں۔

غزہ کے الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ابو سلمیہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل صحافیوں کو اس لیے نشانہ بنا رہا ہے تاکہ ان کے جرائم دنیا کو نہ دکھائے جا سکیں۔

ڈاکٹر محمد ابو سلمیہ کا کہنا ہے اسرائیل غزہ میں بڑی قتل و غارت گری کی تیاری کر رہا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس بار انس جیسے صحافی اپنی آواز سے صیہونی فورسز کی بربریت کو دنیا کے سامنے آشکار نہ کر سکیں۔

Loading