پاکستانی قونصل خانہ استنبول میں یوم آزادی 14 اگست کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب، پاکستانیوں کے ساتھ ترک اور دیگر ممالک کے لوگوں کی بھی شرکت ۔۔ ۔
استنبول، ترکیے(روزنامہ روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔نامہ نگار خصوصی ۔۔۔سید رضوان حیدر بخاری)دنیا بھر کی طرح استنبول ترکیہ میں موجود پاکستانی قونصل خانہ میں بھی یوم آزادی پاکستان 14 اگست کے حوالے سے پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ ترک اور دیگر ممالک کے لوگوں نے بھی شرکت کی۔۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا اور قونصل جنرل جناب نعمان اسلم صاحب نے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند کیا ۔۔ پھر صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔۔
قونصل جنرل پاکستان نعمان اسلم صاحب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست ہماری قومی تاریخ کا وہ روشن دن ہے جب پاکستان کے عوام نے قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجے میں ایک آزاد وطن حاصل کیا۔ انہوں نے ترکیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور پاکستان و ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ قونصل جنرل صاحب نے معرکہ حق کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے افواج پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔۔
تقریب میں استنبول میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، طلباء، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملی نغمے پیش کیے گئے، بچوں نے پاکستان کے جھنڈے تھامے اور ملی جوش و جذبے کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے لیے خصوصی پاکستانی روایتی کھانوں کا اہتمام بھی کیا گیا۔
پاکستان قونصلیٹ جنرل استنبول کی جانب سے یہ تقریب نہ صرف آزادی کی خوشیاں منانے کا موقع تھی بلکہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان دوستی اور یکجہتی کی ایک اور خوبصورت مثال بھی بنی۔