Daily Roshni News

ہماری منشاء بھی تیری منشاء کے مطابق ہو جائے۔۔۔ حضرت واصف علی واصف رحمتہ اللہ علیہ

ہماری منشاء بھی تیری منشاء کے مطابق ہو جائے

حضرت واصف علی واصف رحمتہ اللہ علیہ

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ ہماری منشاء بھی تیری منشاء کے مطابق ہو جائے۔۔۔ حضرت واصف علی واصف رحمتہ اللہ علیہ)ایک حدیث شریف سناتا ہوں ۔ یاد رہے کہ یہ بڑے راز کی بات ہے ۔ سرکار ؐ کا ارشاد ہے کہ جب تم دعائیں مانگو تو دعا میں کسی ملک کی بادشاہت نہ مانگ لینا ، اگر دعا کے ذريعے تمہیں بادشاہت مل گئ تو چلانے میں ذمہ داری تمہاری ہو گی ۔ اور یہ بڑی دِقت والی بات ہوتی ہے ۔ اور جب وہ خود عطا فرمائے تو ذمہ دار وہ آپ ہے ۔ اس لیے یہ جو بات بادشاہی کے بارے میں ہے دراصل یہ باقی ہر چیز کے بارے میں بھی ہے

ایک واقعہ سناتا ہوں لیکن اس سے پہلے آپ کے لیے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کی جو دعائیں پوری کی ہیں وہ زندگی بھر قائم رہیں اور آپ کا نصیب خوش رہے ۔ واقعہ جو سنا رہا ہوں وہ ذرا سخت ہے ۔ ایک آدمی کو اس کے پیر صاحب نے کہا کہ تم حج کرنے جا رہے ہو ، ایک کام کرنا کہ وہاں دعا نہ مانگنا ۔ اس آدمی نے کچھ ہاں ، کچھ ناں کہہ دیا ۔ تو وہاں جا کے اس نے دعا مانگ لی جو دعا اس کے دل میں تھی ۔ دعا پوری ہو گئ اور بیٹا پیدا ہو گیا ۔ اب وہ آدمی زندہ ہے جس نے یہ بات بتائی ۔ پیر صاحب کا اس دوران وصال ہو گیا ۔ آٹھویں جماعت میں جب وہ بیٹا تھا تو کسی حادثے میں فوت ہو گیا ۔ خواب میں پیر صاحب ملے ، انہوں نے کہا ہم نے یہ چیز Avoid کرنے کی کوشش کی تھی لیکن یہ لکھا ہوا تھا ، اب کیا کر سکتے ہیں ، ہم نے تو یہ کہا تھا کہ مانگنا ناں، اب تُو غم سے بوجھل ہو گیا ہے ، اب غم کیوں کرتا ہے ، جس طرح تُو نے بیٹا لیا اب اس طرح برداشت بھی لے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اس لیے اللہ تعالیٰ سے دعا مانگنے کا شعور یہی ہے کہ یا رب العالمین تو اپنی منشاء پر ہمیں راضی رہنے کی توفیق عطا فرما تاکہ ہماری منشاء بھی تیری منشاء کے مطابق ہو جائے ، کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم کوئی ایسی چیز مانگ لیں جس کے بعد ہمیں افسوس ہو ، عام طور ایسا ہوتا ہے ۔ دعا یہ مانگنی چاہیے کہ یا اللہ ہمیں راضی رہنے کی توفیق عطا فرما ، تیرے فیصلوں پر ہم راضی رہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گفتگو 27……………صفحہ نمبر 139……..140

حضرت واصف علی واصف رحمتہ اللہ علیہ

Loading