Daily Roshni News

اللہ والا وہ ہوتا ہے  ۔۔۔ تحریر۔۔۔واصف علی واصف ؒ۔

۔۔۔۔۔۔۔  اللہ والا وہ ہوتا ہے  ۔۔۔۔۔۔۔

تحریر۔۔۔واصف علی واصف ؒ

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔  اللہ والا وہ ہوتا ہے  ۔۔۔ تحریر۔۔۔واصف علی واصف ؒ)میں آپ کو بار بار سمجھاتا رہتا ہوں کہ آپ اچّھے انسان بن جاؤ۔ فقیری، درویشی، تو نام ہی ہیں، اصل میں تو آپ انسان ہیں۔ انسان ہی دانا انسان اور نیک انسان بنتا ہے۔ پھر وہ انسان جتنا جتنا صاف ہوتا جائے، اس کو مقام ملتا جائے گا، رہنا اس نے انسان ہی ہے۔ اچّھا انسان کیسے بنتا ہے؟ ایک نے برا سلوک کیا اور دوسرے نے اچّھا سلوک کیا۔ اس طرح وہ نیک بن گیا۔

ایک بچے نے دوسرے کو گالی دی۔ دوسرے بچے نے کہا میں تمہیں گالی نہیں دے سکتا کیونکہ میرے ابا جان مجھے دیکھ رہے ہیں اور میں ان سے ڈرتا ہوں۔ تو آپ بھی یہ کہو کہ میں لوگوں کو تباہ کر دیتا لیکن میں اللّٰه سے ڈرتا ہوں۔ آپ کسی آدمی سے برائی نہ کرو کیونکہ آپ برے بن جائیں گے۔ کوئی پتہ نہیں کہ وہ آدمی کل کو نیک بن جائے اور بزرگ ہو جائے۔ آپ بزرگی کا دعوی کرنا چھوڑ دو اور دوسرے کو معاف کر دو، ایک دوسرے کو کاٹنا چھوڑ دو۔ آپ یہ سب کچھ خدا کی نگاہ سے دیکھو، پتہ نہیں وہ کون ہے، پتہ نہیں کیا کہتا ہے، پتہ نہیں کیا کر رہا ہے، اس لئے جب تک آپ یہ باتیں نہ سمجھو گے تو آپ کو حقیقت کی سمجھ نہیں آئے گی۔

اللّٰه والا وہ ہوتا ہے جو اپنے مقام میں انسان بن جائے۔

(گفتگو 7، صفحہ نمبر 50/54)

سرکار حضرت واصف علی واصف ؒ

Loading