Daily Roshni News

اسرائیل کا صومالی لینڈکو تسلیم کرنا مسلم ممالک کے ٹکڑےکرنےکی حکمت عملی کا حصہ ہے: سابق ترک وزیراعظم

ترکیے کے سابق وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو کا کہنا ہےکہ  اسرائیل کا  صومالی لینڈ کو  تسلیم کرنا  خطرے کی گھنٹی ہے،  یہ مسلم ممالک کے ٹکڑے  اور  اہم  ریاستوں کو کمزور کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

ایک بیان میں سابق ترک وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  اسرائیل خلیج عدن سے بحیرہ احمر کی بربیرا بندرگاہ تک رسائی چاہتا ہے، اس اقدام سے اسرائیل اہم مسلم ممالک مصر اور سعودی عرب کو گھیر لےگا۔

 احمد داؤد اوغلو کا کہنا تھا کہ  ترکیے، مصر، سعودی عرب مل کر امریکی صدر اور  برطانوی وزیراعظم سے بات کریں، بروقت اقدام نہ کرنے والے ممالک اور  رہنما تاریخ کے سامنے ذمہ دار ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ  اسرائیل صومالیہ کو تقسیم کرکے سوڈان کی طرح  خانہ جنگی  شروع کرنا چاہتا ہے،  اسرائیل اس حرکت سے ترکیےکو بھی گھیرنا چاہتا ہے،  صومالیہ میں اہم ترک اڈا ہے جو افریقا میں ترک پالیسی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس اسرائیلی حرکت پراقدام نہ کرنا ناقابل قبول غفلت ہوگی۔

 سابق ترک  وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2012  اور 2013 میں کچھ مغربی ممالک نے صومالی لینڈ کی آزادی تسلیم کی تو ترکیے نے فیصلہ کن ایکشن لیا تھا۔ اب  بھی  ترک  حکومت صومالی حکومت  سے فوری  رابطہ کرکے دوبدو  بات کرے، اس معاملے  پر فعال  سفارتکاری کے لیے  خصوصی  مندوب خطے میں  بھیجا جائے، مصر  اور  سعودی عرب سے بات کرکے ایک  مشترکہ وفد  بنایا  جائے جو فریقین سے بات کرے، یو اے ای کو سمجھایا جائےکہ صومالیہ  میں سوڈان طرز  پر خانہ جنگی کی کوشش ہو رہی ہے۔

 احمد داؤد اوغلو کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اقدامات بتاتے ہیں کہ  ابراہام اکارڈ بنیادی طور پر سامراج کےقیام کی سازش ہے، اس سازش کا مقصد مسلم ممالک کو تقسیم کر کے کمزور کرنا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے اقدام پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق صومالیہ کی درخواست پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس پیر کو ہوگا۔

اس سے پہلے اسرائیل کے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے پرپاکستان سمیت اسلامی ممالک نے مشترکہ  مذمتی اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا صومالی لینڈکو تسلیم کرنا بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

Loading