غزہ: بارش اور یخ بستہ طوفانی ہواؤں کے ساتھ اسرائیلی پابندیوں سے فلسطینیوں کے مصائب مزید بڑھ گئے
انٹرنیشنل (ڈیلی روشنی نیوز انترنیشنل )غزہ میں ایک بار پھر موسم سرما کی بارش اور یخ بستہ طوفانی ہواؤں کے ساتھ اسرائیلی پابندیوں کے باعث بے گھر فلسطینیوں کے مصائب مزید بڑھ گئے۔
شدید ٹھنڈ اور بارش سے بھیگتے خیموں میں شیر خوار بچوں کی زندگیاں خطرے میں پڑگئیں۔
غزہ حکام کے مطابق رواں ماہ بارش اور شدید سردی کے باعث 3 شیر خوار بچوں سمیت 15 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
غزہ میں صحت کا نظام بھی مکمل تباہی کے دہانے پر ہے، ادویات اور طبی سامان کی شدید قلت کے باعث زخمیوں اور سردی سے بیمار ہونے والے افراد کا علاج ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔
لاکھوں فلسطینی اس وقت غزہ کے ساحلی علاقوں میں خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں، تیز ہواؤں نے ہزاروں خیموں کو اکھاڑ دیا ہے یا وہاں بارش کا پانی بھرگیا ہے۔
فلسطینی این جی اوز نیٹ ورک کے مطابق خیمے سیلاب اور سردی سے بالکل بھی تحفظ فراہم نہیں کرتے، غزہ میں فوری طور پر موبائل ہومز اور تباہ شدہ سیوریج نظام کی مرمت کے لیے سامان بھیجنےکی اجازت دی جائے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی غزہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بھی جاری ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں مزید 4 فلسطینی شہید ہوگئے۔ 10 اکتوبر کے جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں414 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
![]()

