تیز کیمیکل والے شیمپو سمیت دیگر پراڈکٹس کے نقصانات سے سب ہی واقف ہیں جو قبل از وقت نہ صرف بالوں کو سفید کرتے ہیں بلکہ بالوں کے جھڑنے اور ان کی نشوونما بھی متاثر کرتے ہیں۔
ایسے میں ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں کچھ ایسی چیز مل جائے جس کے استعمال سے وہ اپنے بالوں کو لمبا، گھنا اور خوبصورت بنا سکیں، اسی لیے زیادہ تر افراد اب گھریلو ٹوٹکے اپنا کر قدرتی اشیاء سے جڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ایسے بہت سے پودے ہیں جو آپ کے بالوں کو صحت مند رکھنے اور ان کی بہترین نشوونما میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بالوں کیلئے کون سے پودوں کا استعمال کیا جائے اور اس کے استعمال کا طریقہ کیا ہوگا، تو آپ مندرجہ ذیل پودوں سے فائدہ اٹھا کر اپنی مشکل کو حل کرسکتے ہیں۔
ایلو ویرا
ایلو ویرا کے فوائد سے سب ہی واقف ہیں، یہ ناصرف بالوں بلکہ جِلد پر بھی اپنے جادوئی اثرات ڈالتا ہے۔
ایلو ویرا تقریباً ہر گھر میں ہی پایا جاتا ہے، اس پودے میں منرلز، کاپر اور زنک موجود ہوتا ہے جو خشکی کو دور کرکے بالوں کو لمبا کرنے میں مدد دیتا ہے۔
اس پودے کو استعمال کرنے کا طریقہ نہایت آسان ہے، ایلو ویرا کا گودا نکال کر اس میں ناریل کا تیل شامل کریں اور اپنے بالوں میں آدھا گھنٹا لگا رہنے کے بعد سر دھو لیں۔
آملہ
آملے کا استعمال طویل عرصے سے کیا جارہا ہے، آملہ نہ صرف مختلف ادوایات میں استعمال کیا جاتا ہے بلکہ یہ بالوں کو سیاہ کرنے، بالوں کو لمبے اور مضبوط بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کرتا ہے۔
آملہ میں وٹامن سی کی بھاری مقدار پائی جاتی ہے جو بالوں کی نشوونما کیلئے بہترین سمجھا جاتا ہے، آملہ کو مختلف طرح سے استعمال کیا جاسکتا ہے، آملے کا تازہ جوس، آملے کا مربہ، آملے کا پاؤڈر اور تازہ آملہ بھی کھایا جاسکتا ہے۔
روز میری
روز میری ایک چھوٹے پتوں والا پودا ہوتا ہے جس کا پھول بھی چھوٹا لیکن نیلا اور جامنی رنگ کے ہونے کی وجہ سے خوبصورت ہوتا ہے، یہ اینٹی بیکٹیریل، اینٹی آکسیڈینٹ اور وٹامنز کا خزانہ ہوتا ہے۔
روز میری خون کی گردش کو بہتر بناتا ہے اور سر میں ہونے والی خارش کو بھی دور کرتا ہے جب کہ یہ بالوں کو ٹوٹنے سے بھی بچاتا ہے جو بالوں کے لمبے ہونے کا راز ہے۔
مارکیٹ میں روز میری آئل باآسانی دستیاب ہوتا ہے، اسے اپنے کسی بھی من پسند آئل کے ساتھ شامل کرکے بالوں کی جڑوں میں لگایا جاسکتا ہے۔
ہیبسکس
ہیبسکس نامی اس پودے پر لال رنگ کے پھول کھلتے ہیں جنہیں عام الفاظ میں چائنہ روز بھی کہا جاتا ہے، اس پھول میں فلیونائیڈز (flavonoids) اور امینو ایسڈ بھاری مقدار میں پایا جاتا ہے جو خون کی گردش کو تیز کرکے آپ کے بالوں کے follicles کو بہتر بنانے اور نئے بالوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اس کے علاوہ یہ تیز دھوپ کی وجہ سے پہنچنے والے نقصان سمیت بالوں کی خشکی سے بھی بچاتا ہے اور دو منہ کے بے جان اور روکھے بالوں میں بھی جان ڈالنے کا سبب بنتا ہے۔
اس کا استعمال بہت آسان ہے، تین سے چار پھول لے کر پانی میں ابال لیں اور اس پانی کا اسپرے اپنے بالوں میں کریں۔