Daily Roshni News

ترکیہ نے سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کی حمایت کردی

ترکیہ نے یورپی ملک سویڈن کی نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائیزیشن (نیٹو) میں شمولیت کی حمایت کردی۔

گزشتہ سال یوکرین پر روسی حملے کے بعد فن لینڈ اور اس کے بعد سویڈن کی جانب سے نیٹو میں شمولیت کا اعلان کیا گیا تھا جس کی ترکیہ نے مخالفت کی تھی۔

اپریل میں فن لینڈ کو نیٹو میں شامل کرلیا گیا تھا اور وہ اتحاد کا 31 واں ملک ہے تاہم ترکیہ کی جانب سے سویڈن کی شمولیت پر مخالفت جاری تھی اور سویڈن پر کرد عسکریت پسندوں کی حمایت کا الزام لگایا تھا۔

 گزشتہ روز لیتھونیا میں نیٹو کانفرنس سے قبل ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، سویڈن کے وزیراعظم  اور نیٹو جنرل سیکرٹری جینز اسٹولٹن برگ کے درمیان ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے بعد مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے سویڈن کی نیٹو میں شمولیت پر رضامندی کا اظہار کیا ہے اور یہ معاملہ توثیق کیلئے ترک پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔

اس سے قبل لیتھونیا جانے سے قبل ترک صدر رجب طیب اردوان نے سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کی حمایت کے بدلے یورپی یونین میں ترکیہ کو شامل کرنے کی شرط رکھی تھی۔

امریکا نے ترکیہ کی جانب سے سویڈن کے نیٹو میں شمولیت کی حمایت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

دوسری جانب ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ سویڈن  نے ترکیہ کے سکیورٹی اور دہشت گردی  خدشات دور کرنے، یورپی کسٹم یونین میں توسیع اور یورپی یونین میں شمولیت کے عمل کی حمایت کا وعدہ کیا ہے۔

ترکیہ کی حمایت کے بعد سویڈن کی نیٹو میں جلد شمولیت کا امکان بڑھ گیا ہے۔

Loading