آنتوں کا کینسر دنیا میں سرطان کی تیسری سب سے عام قسم ہے اور دنیا بھر میں اس کے کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
درحقیقت دنیا بھر میں جوان افراد میں آنتوں کے کینسر کے کیسز کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔
دسمبر 2024 میں جرنل Lancet Oncology میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ یورپ، شمالی افریقا، ایشیا اور اوشیانا سمیت دنیا بھر میں جوان افراد میں آنتوں کے کینسر عام ہو رہا ہے۔
محققین ابھی یہ مکمل طور پر نہیں سمجھ سکے کہ آنتوں کا کینسر دنیا بھر میں تیزی سے کیوں پھیل رہا ہے۔
مگر ان کا ماننا ہے کہ جنک فوڈ کا استعمال، زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے اور موٹاپا ممکنہ طور پر کینسر کے پھیلاؤ میں اہم کردار ادا کرنے والے عناصر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جوان افراد میں کینسر کے پھیلاؤ کا رجحان دنیا بھر میں نظر آتا ہے۔
عام طور پر کولہوں سے خون کا اخراج اس کی عام ترین علامت ہے مگر دیگر چند علامات بھی ہیں جن پر بیشتر افراد توجہ مرکوز نہیں کرتے۔
خون کی کمی یا انیمیا
انیمیا یا خون کی کمی کی تشخیص ضروری نہیں آنتوں یا قولون کے کینسر کی علامت ہو۔
مگر آنتوں کے کیسنر کے شکار افراد اکثر خون کی کمی کے شکار بھی ہوتے ہیں کیونکہ جسم کے اندر جریان خون ہو رہا ہوتا ہے جو اکثر فضلے میں نظر آتا ہے۔
سانس لینے میں مشکلات کا سامنا
جسم کے اندر جریان خون سے سانس لینے میں مشکلات کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔
اس صورت میں ہمارا جسم خون میں زیادہ پلازما شامل کرتا ہے تاکہ جریان خون کی روک تھام ہوسکے۔
اس پلازما میں آئرن یا خون کے سرخ خلیات کی کمی ہوتی ہے اور اس کے نتیجے میں خون کی آکسیجن لے کر جانے کی صلاحیت گھٹ جاتی ہے اور معمولی مشقت پر سانس پھول جاتا ہے یا سانس لینا مشکل ہو جاتا ہے۔
ویسے ضروری نہیں کہ یہ آنتوں کے کینسر کی ہی علامت ہو مگر اس کے مریضوں میں یہ نشانی اکثر دیکھنے میں آتی ہے۔
پیٹ پھولنے یا کھچاؤ کا احساس
جب آنتیں بلاک ہونے لگتی ہیں تو پھر پیٹ پھولنے کا سامنا بھی ہوتا ہے۔
اگر پیٹ پھولنے کے ساتھ کھچاؤ یا اینٹھن محسوس ہو تو اس کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں۔
مگر جب معدے کی یہ علامات مسلسل برقرار رہیں تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
اسی طرح اگر معدے کے دائیں جانب مسلسل تکلیف ہو تو بھی یہ آنتوں یا قولون کے کینسر کی علامت ہوسکتی ہے۔
شدید قبض
ویسے تو کبھی کبھار قبض کا ہونا فکرمندی کی بات نہیں بلکہ اس کا سامنا بیشتر افراد کو ہوتا ہے۔
مگر جب اس کی شدت بہت زیادہ ہو اور وہ مسلسل برقرار رہے تو جان لیں کہ یہ بھی آنتوں یا قولون کینسر کی ایک علامت ہے۔
فضلے کی عجیب رنگت یا ساخت میں تبدیلیاں
اگر فضلے کی رنگت بہت زیادہ گہری یا سیاہ ہو تو یہ بھی کسی مسئلے کی نشانی ہوسکتی ہے۔
ایسا جسم کے اندر جریان خون کے باعث ہوسکتا ہے جس کے دوران خون آنتوں میں جمع ہوکر فضلے کی رنگت کو تبدیل کر دیتا ہے۔
کئی بار ایسا معدے کے السر کی وجہ سے بھی ہوتا ہے مگر یہ آنتوں کے کینسر کی بھی ایک علامت ہے۔
اسی طرح اگر فضلے کی ساخت اچانک تبدیل ہو جائے تو یہ بھی اس موذی مرض کی نشانی ہوسکتی ہے مگر یہ بہت کم مریضوں میں دیکھنے میں آتی ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔