کہا جاتا ہے کہ ایک سیب روزانہ کھانے سے آپ ڈاکٹروں کو خود سے دور رکھ سکتے ہیں۔
اب لگتا ہے کہ اس کا اطلاق دماغی صحت کے ماہرین طب پر بھی ہوتا ہے۔
یعنی اگر آپ روزانہ سیب کھاتے ہیں تو خود کو ڈپریشن جیسے عام ترین دماغی عارضے سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
یہ بات سنگاپور میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
لو لین اسکول آف میڈیسین کی اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ غذائی اجزا سے بھرپور پھلوں کا استعمال ڈپریشن سے بچنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
خیال رہے کہ ڈپریشن ایک ایسا مرض ہے جس سے موجودہ عہد میں ہر عمر کے افراد متاثر ہو رہے ہیں۔
ڈپریشن کے شکار افراد کو دماغی اور جسمانی دونوں طرح کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔
عمر بڑھنے کے ساتھ ہمارا دماغ تنزلی کا شکار ہوتا ہے جس کے نتیجے میں ڈپریشن کی علامات سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
درمیانی عمر کے افراد میں دائمی امراض اور نیند کے مسائل ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے جس سے روزمرہ کی زندگی مشکل ہو جاتی ہے۔
اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ کچھ مقدار میں پھلوں کے استعمال سے عمر بڑھنے کے ساتھ لاحق ہونے والے ڈپریشن کا خطرہ 21 فیصد کم ہو جاتا ہے۔
سیب، مالٹوں اور کیلے جیسے پھل اینٹی آکسائیڈنٹس کے حصول کا بہترین ذریعہ ثابت ہوتے ہیں جبکہ ان میں موجود وٹامنز، کیروٹینز اور دیگر اجزا تکسیدی تناؤ اور جسمانی ورم میں کمی لاتے ہیں۔
تکسیدی تناؤ اور جسمانی ورم دونوں ڈپریشن کا خطرہ بڑھانے والے عناصر ہیں۔